بیجنگ (شِنہوا) چین نے ڈرونز سے متعلق بعض اشیاء پر اپنے برآمدی کنٹرول کے اقدامات بہتر اور منظم بنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق 18 نومبر 2026 سے ہو گا۔
وزارت تجارت، جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز اور سنٹرل ملٹری کمیشن کے ایکوئپمنٹ ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے مشترکہ طور پر جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مخصوص خصوصیات کی حامل اشیاء لائسنس کے بغیر برآمد نہیں کی جا سکیں گی۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ان اشیاء میں بغیر پائلٹ طیاروں کے لئے خاص طور پر تیار کردہ آٹو پائلٹس، ان کی ساخت، پیداوار یا استعمال کی ٹیکنالوجیز، مخصوص خصوصیات کے حامل ایسے طیارے یا ایئر شپس اور ان کے لئے مخصوص انجن سمیت دیگر سامان شامل ہے۔
وزارت تجارت کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرون سے متعلق یہ اشیاء واضح طور پر دوہری نوعیت کی ہیں جنہیں فوجی اور شہری دونوں مقاصد کے لئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ترجمان نے وضاحت کی کہ متعلقہ قوانین و ضوابط میں ردوبدل اور بہتری کا یہ فیصلہ قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ اور عدم پھیلاؤ جیسی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چین عالمی صنعتی اور ترسیلی نظام کا تحفظ اور استحکام برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے اور برآمدی لائسنس کی متعلقہ درخواستوں کا جائزہ قوانین اور ضوابط کے مطابق لیا جائے گا۔ مقررہ معیار پر پورا اترنے والی درخواستوں کی منظوری دی جائے گی۔
چین کا ڈرونز سے متعلق بعض اشیاء پر برآمدی کنٹرول بہتر اور منظم بنانے کا فیصلہ



