بیجنگ(شِنہوا) چین نے 5 شہری خطوں میں ہائیڈروجن توانائی کے جامع استعمال کے لئے 4 سالہ آزمائشی پروگراموں کی منظوری دے دی ہے۔
جاری کردہ سرکلر کے مطابق ان پروگراموں میں بیجنگ-تیانجن-ہیبے کا خطہ، گوانگ ڈونگ-ہانگ کانگ-مکاؤ عظیم تر ساحلی علاقہ اور 3 بین العلاقائی گروپ شامل ہوں گے۔ ان میں مشرقی اندرونی منگولیا سمیت چین کے شمال مشرق کو دریائے یانگسی کے ڈیلٹا سے ملانے والا گروپ، سنکیانگ کو چھینگ دو-چھونگ چھنگ کے 2 شہروں پر مشتمل اقتصادی خطے سے منسلک کرنے والا گروپ اور دریائے زرد کے موڑ والے علاقے کو وسطی میدانی خطے سے جوڑنے والا گروپ شامل ہے۔
وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی، وزارت خزانہ اور قومی ترقی و اصلاحات کمیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کردہ سرکلر میں شریک شہروں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ترجیحی کاموں کی 4 فہرستوں پر عملدرآمد تیز کریں۔ ان میں ہائیڈروجن ٹیکنالوجی اور آلات کی ترقی، صنعتی ہائیڈروجن منصوبے، فیول سیل گاڑیوں کے فروغ اور ہائیڈروجن ری فیولنگ سٹیشنوں کی تعمیر شامل ہیں۔
شہروں کو صنعتی اور سپلائی چینز مضبوط بنانے، ملک کے اندر اشیاء اور وسائل کی بلا رکاوٹ نقل و حرکت کو فروغ دینے اور مقامی تحفظ پسندی سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکلر میں بڑے منصوبوں کی بہتر منصوبہ بندی، حفاظتی انتظامات کو مضبوط بنانے اور آزمائشی پروگراموں کے معاشی، سماجی اور ماحولیاتی فوائد کا بروقت جائزہ لینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
تینوں محکمے ان آزمائشی پروگراموں کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور اس جائزے کے نتائج مرکزی حکومت کی جانب سے انعامی فنڈز مختص کرنے کی بنیاد بنیں گے۔ سرکلر کے مطابق یہ فنڈز بروقت جاری کئے جائیں گے اور انہیں صرف ہائیڈروجن توانائی کے استعمال کے فروغ کے لئے مختص کیا جائے گا تاکہ ہائیڈروجن کے استعمال کی لاگت کم کی جا سکے اور اس سے حاصل ہونے والی بچت آخری صارفین تک پہنچائی جا سکے۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چین صنعت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں صاف توانائی کے استعمال کو وسعت دینے کی کوشش کر رہا ہے۔ قابل تجدید بجلی کے ذریعے تیار کی جانے والی ہائیڈروجن کاربن کے اخراج میں کمی لانے میں مدد دے سکتی ہے تاہم اس کی زیادہ لاگت اور ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل کے مسائل اب بھی اس کے وسیع پیمانے پر استعمال کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
چین 5 شہری خطوں میں آزمائشی منصوبوں کے ذریعے ہائیڈروجن کے استعمال کو وسعت دے گا



