اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ کو ضروری قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں حالات قابو سے باہر ہورہے تھے، اس لیے ایمرجنسی کا فیصلہ پہلے ہی کرلیا جانا چاہیے تھا۔
لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ پارٹی نے گزشتہ 13 سال کے دوران خیبر پختونخوا کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ کسی ملک میں وزیراعلیٰ سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت پر حملہ کیسے کرسکتا ہے۔
قائد مسلم لیگ ن نے سوال اٹھایا کہ صوبائی وسائل کو اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کے خلاف استعمال کرنا کہاں کا طریقہ ہے؟ ان کے مطابق خیبر پختونخوا کے عوام تحریک انصاف کی حکومت سے آزاد ہوگئے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں عام آدمی کی زندگی بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوششیں کررہی ہیں۔



