لانژو (شِنہوا) کمرشل ایئر کرافٹ کارپوریشن آف چائنہ (سی او ایم اے سی) کے صدر شین بو نے کہا ہے کہ چین کے تیار کردہ مسافر بردار طیارے سی 919 نے تجارتی پروازوں کا آغاز کرنے کے بعد سے اب تک 84 لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کی ہے اور 27 شہروں کے لئے پروازیں چلائی ہیں۔
چین کے شمال مغربی صوبے گانسو کے شہر دون ہوانگ میں جمعرات کے روز ہوا بازی کی صنعت سے متعلق ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شین نے کہا کہ سی او ایم اے سی نے اپنے سی 909 طیارے کے ذریعے فراہم کی جانے والی علاقائی فضائی رابطوں کی سہولتوں کو بھی مسلسل وسعت دی ہے۔ یہ طیارہ مختصر اور درمیانے فاصلے کے فضائی روٹس کے لئے تیار کیا گیا ہے۔
شین بو نے بتایا کہ سی 909 طیارے نے تجارتی پروازیں شروع کرنے کے بعد سے اب تک بحفاظت 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد مسافروں کو ان کی منزلوں تک پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ طیارہ مسافروں کو سفر کے لئے مزید آسان اور سہل متبادل فراہم کر رہا ہے۔
چائنہ ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین وانگ چھانگ شون نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چین کے علاقائی فضائی بیڑے میں تیزی سے تبدیلی آئی ہے اور اس میں مقامی طور پر تیار کردہ طیاروں کا حصہ نمایاں طور پر بڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی 919 تجارتی پروازوں کے دائرہ کار کو تیزی سے وسعت دے رہا ہے، جبکہ سی 909 علاقائی فضائی سفر کی مارکیٹ کا ایک اہم طیارہ بن چکا ہے۔ یہ طیارے چین کے علاقائی ہوا بازی کے شعبے کی اعلیٰ معیار کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سی 919 چین کا پہلا بڑا مسافر بردار جیٹ طیارہ ہے جسے ملک نے خود تیار کیا ہے۔ اس کی تیاری میں بین الاقوامی فضائی معیار اور حفاظت کے ضوابط کی پابندی کی گئی ہے، جبکہ اس کے تخلیقی حقوق بھی چین کے پاس ہیں۔
چین کے تیار کردہ سی 919 طیارے نے 84 لاکھ سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کردیں



