بیجنگ (شِنہوا) چین کی وزارت تعلیم نے بتایا ہے کہ دنیا بھر میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے معیارات اور پیشہ ورانہ اسناد کی باہمی منظوری کو فروغ دینے کے لئے تیار کردہ عالمی فریم ورک جلد جاری کیا جائے گا۔
وزارت کے مطابق چین میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے عملی تجربات کی بنیاد پر اور دنیا بھر کے ممالک کے تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے اپنی نوعیت کا دنیا کا پہلا ’’عالمی فنی و تکنیکی تعلیمی معیارات کا فریم ورک‘‘ تیار کیا گیا ہے۔ اس میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم سے متعلق عالمی سطح پر اہمیت کے حامل شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے، جن میں اقدار، نظام، نظم و نسق، معاونت اور اقدامات شامل ہیں۔
چین کی قیادت میں تیار اور فروغ دیا جانے والا یہ لائحہ عمل فنی و تکنیکی تعلیم کی ترقی سے متعلق عالمی کانفرنس 2026 میں باضابطہ طور پر جاری کیا جائے گا۔ یہ کانفرنس 15 سے 17 اکتوبر تک چین کے شمالی شہر تیانجن میں منعقد ہوگی۔
وزارت تعلیم کے عہدیدار پینگ بن بائی نے بتایا کہ اس لائحہ عمل کی تیاری کے لئے ایک سال سے زائد عرصے تک جاری رہنے والے مشاورتی عمل اور مسودے پر نظرثانی کے دوران 40 سے زائد ممالک کے تعلیمی حکام، صنعتی شعبوں کے متعلقہ اداروں اور تجارتی انجمنوں کو مباحثوں میں شرکت اور مسودے کو بہتر بنانے میں مدد کے لئے مدعو کیا گیا۔
پینگ نے مزید بتایا کہ اب تک 46 ممالک اس لائحہ عمل کی حمایت اور اسے تسلیم کرنے کا اظہار کر چکے ہیں۔
چین اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فنی تعلیمی نظام رکھتا ہے، جہاں سالانہ ایک کروڑ سے زائد طلبہ فارغ التحصیل ہوتے ہیں۔ 14 ویں پانچ سالہ منصوبے (2021-2025) کے دوران ملک کی جدید صنعتوں میں اعلیٰ مہارت کے حامل کارکنوں کی اضافی تعداد میں 70 فیصد سے زیادہ حصہ فنی تعلیم کے فارغ التحصیل افراد کا تھا۔
چین نے 32 ممالک میں 38 لوبان ورکشاپس بھی قائم کی ہیں جن کے ذریعے 30 ہزار سے زائد طلبہ کو باقاعدہ تعلیمی پروگراموں جبکہ ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد افراد کو ڈگری کے بغیر فنی تربیت فراہم کی گئی ہے۔
وزارت تعلیم نے 2022 سے اب تک فنی و تکنیکی تعلیم کی ترقی سے متعلق عالمی کانفرنس کے دو اجلاس منعقد کئے ہیں۔
وزارت کے ایک اور عہدیدار لیو یونگ نے کہا کہ فنی تعلیم کے شعبے میں چین کا بین الاقوامی اثر و رسوخ مسلسل بڑھ رہا ہے اور یہ کانفرنس اس شعبے میں بین الاقوامی تبادلوں کا ایک اہم پلیٹ فارم بن چکی ہے۔
چین کی قیادت میں بین الاقوامی فنی تعلیم کے معیارات اجرا کے لئے تیار



