ایتھنز(شِنہوا) فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دنیا بھر میں احتجاجی سرگرمیوں کے سلسلے میں فلسطین کے حامی ہزاروں مظاہرین نے یونان کے دارالحکومت ایتھنز اور دیگر شہروں میں مارچ کیا۔ یہ مظاہرے 7 اکتوبر 2023 کو غزہ جنگ شروع ہونے کے 3 سال مکمل ہونے پر کیے گئے۔
مظاہروں کے منتظمین نے بتایا کہ یونان بھر میں ہونے والے احتجاج میں جنگ مخالف تنظیموں، مزدور یونینز، بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں اور تارکینِ وطن و پناہ گزینوں کی برادریوں سمیت فلسطینی کمیونٹی نے شرکت کی۔ یہ مظاہرے 60 سے زائد ممالک میں ہونے والی احتجاجی سرگرمیوں کا حصہ تھے۔
مظاہرین نے غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائیاں بند کرنے، فلسطینی علاقوں پر قبضہ ختم کرنے، فلسطینیوں کی بے دخلی روکنے اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایتھنز میں مظاہرین ایک چوک میں جمع ہوئے اور وہاں سے اسرائیلی اور امریکی سفارت خانوں کی جانب مارچ کیا۔ اس دوران انہوں نے “فلسطین آزاد کرو” اور “قتلِ عام بند کرو” جیسے نعرے لگائے۔
نیو لیفٹ پارٹی کی رکن پارلیمنٹ پیٹی پرکا نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “یہ واقعی ایک المناک برسی ہے۔ فلسطینی عوام3 سال سے بھوک اور نسل کشی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہیں انصاف نہیں مل رہا۔”
پرکا نے کہا، “دنیا بھر کے لوگ ناانصافی اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کو سمجھتے ہیں۔ ہمارے پاس بین الاقوامی فوجداری عدالت موجود ہے، اس لیے ہم امید نہیں کھو رہے۔”
انہوں نے مزید کہا، “اسی لیے ہم یہاں موجود ہیں اور اس وقت تک سڑکوں پر نکلتے رہیں گے جب تک فلسطینی عوام کو وہ انصاف نہیں مل جاتا جس کے وہ حق دار ہیں۔”
فلسطین کے حامیوں کا غزہ جنگ کے 3 سال مکمل ہونے پر ایتھنز میں احتجاجی مظاہرہ



