اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا میں حکومتی امور کی انجام دہی سے متعلق وفاقی حکمنامہ نمبر 1/2026 جاری کر دیا ہے۔
فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق یہ حکمنامہ 11 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے آئینی اعلان کی روشنی میں جاری کیا گیا، جس کے تحت صوبے میں آئین کے آرٹیکل 232 اور 234 کے تحت ہنگامی حالت کے اعلان کے بعد انتظامی امور کے لیے نیا طریقۂ کار وضع کیا گیا ہے۔
وفاقی حکمنامے کے تحت گورنر خیبر پختونخوا وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی حکومت کے امور انجام دیں گے، جبکہ اپنے فرائض کی انجام دہی میں ایک 11 رکنی مشاورتی کونسل کی معاونت حاصل کریں گے۔
مشاورتی کونسل کے ارکان
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مشاورتی کونسل میں درج ذیل شخصیات کو شامل کیا گیا ہے:
طارق محمود پاشا
ڈاکٹر سید عامر عبداللہ
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر
ثمر ہارون بلور
ڈاکٹر سرفراز علی شاہ
عامر جاوید
ڈاکٹر ایم ارشاد
کفایت اللہ
مولانا محمد طیب قریشی
عثمان سیف اللہ خان
آصف رفیق
حکمنامے کے مطابق ثنا اللہ ایڈووکیٹ کو خیبر پختونخوا کا ایڈووکیٹ جنرل بھی مقرر کیا گیا ہے۔
صوبائی امور کیسے چلائے جائیں گے؟
وفاقی حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے امور متعلقہ آئینی دفعات اور خیبر پختونخوا گورنمنٹ رولز آف بزنس 1985 کے مطابق، وفاقی حکمنامے سے ہم آہنگ انداز میں انجام دیے جائیں گے۔ گورنر صوبائی امور کی انجام دہی کے دوران مشاورتی کونسل سے معاونت حاصل کریں گے۔
حکمنامے کے مطابق اس کا نفاذ فوری طور پر ہوگا۔



