پشاور(نیشنل ٹائمز)وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوابی میں آخری پلان دیا جائے گا، جو مخالفین کی نیندیں حرام کر دے گا،بخشی پل کے مقام پر لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پشاور کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور آئندہ مرحلوں میں اہم اعلانات کا عندیہ دیا،انہوں نے کہا کہ وہ پشاور کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک پہنچ چکے ہیں، لیکن عوام کے جوش و جذبے اور مارچ میں شرکت میں کوئی کمی نہیں آئی،وزیر اعلیٰ نے کہا میں پشاور کے عوام کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، ماشاء اللہ عوام نے بھرپور ساتھ دیا ہے اور ہمارے کارکنوں کا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے ،سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ وہ چارسدہ میں لانگ مارچ کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ،انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کو ضرور سنیں ،چارسدہ کے بعد صوابی میں آخری پلان دیا جائے گا ،انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ نظم و ضبط برقرار رکھیں اور آئندہ مراحل کیلئے تیار رہیں، سہیل آفریدی نے شبقدر چوک ضلع چارسدہ میں لانگ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے 11 اکتوبر کو پورے پاکستان کے عوام کو صوابی انٹرچینج پہنچنے کی دعوت دی اور کہا کہ پشاور اور ملاکنڈ ڈویژن کے قافلے صوابی انٹرچینج پہنچیں گے ،انہوں نے کہا کہ بند کمروں میں فیصلے کرکے رجیم چینج آپریشن کے ذریعے پاکستان کی ترقی کا سفر روک دیا گیا، پاکستان میں غربت کی شرح 48 فیصد ،مہنگائی کی شرح 80 فیصد تک پہنچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ناتجربہ کار کہنے والے یہ جان لیں کہ وہاں مہنگائی کی شرح صرف 16 فیصد ہے ، ہمیں دہشت گردوں سے جوڑنے والے یہ جان لیں کہ 1994 میں پیپلز پارٹی کے وزیر داخلہ نصیراللہ بابر نے دہشت گردوں کیلئے ’مائی بوائز‘ کی اصطلاح استعمال کی تھی ،انہوں نے کہا کہ ہم بھی جانتے ہیں اور وہ بھی جانتے ہیں کہ اصل دہشت گرد کون ہیں ۔
صوابی پلان سے مخالفین کی نیندیں حرام ہوجائینگی:سہیل آفریدی



