واشنگٹن (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ اور ان کے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 امور پر اتفاق رائے کیا ہے۔ یہ بات جمعہ کو صدر شی جن پھنگ کے دورہ امریکہ کے اختتام پر جاری ہونے والے اعلامیے میں کہی گئی۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی احترام، انصاف اور برابری کی بنیاد پر چین اور امریکہ کے درمیان مستحکم اور تعمیری تعلقات قائم کرنے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ چین نومبر میں اپیک اقتصادی رہنماؤں کے اجلاس 2026 اور امریکہ دسمبر میں جی 20 سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا جبکہ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے اجلاس میں شرکت کا عزم ظاہر کیا۔
ایران کے معاملے پر صدر شی اور ٹرمپ نے اتفاق کیا کہ تہران کو جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے کے اپنے عزم کی پاسداری کرنی چاہیے۔ دونوں نے کہا کہ کوئی بھی ملک یا ادارہ بین الاقوامی آبی گزرگاہوں سے گزرنے پر ٹرانزٹ فیس عائد نہیں کرے گا۔
صدر شی نے بدھ سے جمعہ تک امریکہ کا سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے ٹرمپ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور اہم بین الاقوامی و علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے ذکر کیا کہ دوسری عالمی جنگ کے دوران چین اور امریکہ اتحادی تھے اور انہوں نے فتح کے لئے شانہ بشانہ جنگ لڑی تھی۔
صدر شی جن پھنگ کے سرکاری دورے سے قبل چینی اور امریکی اقتصادی و تجارتی ٹیموں نے نیویارک میں مشاورت کی۔
دونوں رہنماؤں نے چین-امریکہ اقتصادی و تجارتی مشاورتی نظام کے مثبت کردار کو تسلیم کیا اور اپنی اپنی اقتصادی و تجارتی ٹیموں کی جانب سے حاصل کئے گئے نتائج کو سراہا۔ ان میں تجارتی کونسل کے قیام اور پیشرفت، 30 ارب امریکی ڈالر کے اضافی ٹیرف میں کمی کے انتظام اور کوالالمپور میں ہونے والی مشاورت کے نتائج کو مزید آگے بڑھانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے ان نتائج پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔
منشیات کے خلاف قانون کے نفاذ میں دوطرفہ تعاون کے حوالے سے صدر شی اور ٹرمپ نے حاصل ہونے والے ٹھوس نتائج کو سراہا۔ اعلامیے کے مطابق حالیہ عرصے میں دونوں ممالک نے نفسیاتی ادویات اور منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکلز سے متعلق متعدد مقدمات پر مشترکہ کارروائی کی اور دونوں ممالک میں درجنوں مشتبہ افراد کو گرفتار کیا۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے چین-امریکہ اے آئی ڈائیلاگ شروع کرنے پر اتفاق کیا جن میں اے آئی سے متعلق خطرات اور فوائد پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ مذاکرات کا اگلا دور نومبر میں ہوگا۔ اے آئی سے متعلق کسی بھی واقعے کی صورت میں رابطے کے لئے ایک مواصلاتی ذریعہ بھی قائم کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق امریکہ نے چین کی جانب سے اٹلانٹا کے چڑیا گھر کو لیز پر دیئے گئے دو بڑے پانڈوں کی جلد آمد ککا خیرمقدم کیا ہے۔
آٹھ امور پر اتفاق رائے کے علاوہ چین اور امریکہ کی افواج نے بحران کے دوران رابطے اور بحران کی روک تھام کے لئے تعاون مضبوط بنانے سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر جلد از جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کی افواج چین میں امریکی فوجیوں کی باقیات کی تلاش کے سلسلے میں تعاون جاری رکھیں گی۔
صدر شی کے دورہ امریکہ کے دوران چین اور امریکہ میں 8 امور پر اتفاق



