واشنگٹن (شِنہوا) ماہرین نے کہا ہے کہ مالدار صارفین امریکہ میں پرچون فروخت میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں جبکہ کم آمدنی والے گھرانے اب بھی مہنگائی سے نبردآزما ہیں۔رواں ہفتے کے اوائل میں شماریات بیورو کے جاری اعداد و شمار کے مطابق اگست میں امریکہ کی پرچون فروخت 1.2 فیصد اضافے کے ساتھ 773.9 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی جو ایک سال پہلے کے مقابلے میں 6 فیصد زیادہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافے سے غالباً مالدار صارفین کی جانب سے زیادہ خریداری ظاہر ہوتی ہے جو زیادہ اور کم آمدنی والے امریکیوں کے درمیان بڑھتے فرق کو نمایاں کرتی ہے۔سنٹر فار اکنامک اینڈ پالیسی ریسرچ کے ماہر معاشیات اور شریک بانی ڈین بیکر نے شِنہوا کو بتایا کہ اگر آپ دو مہینوں کو ملا کر دیکھیں تو پرچون فروخت کی رفتار اب بھی تسلی بخش ہے لیکن غالباً یہ زیادہ آمدنی والے لوگوں کی وجہ سے بڑھ رہی ہے۔بعض ماہرین نے نشاندہی کی کہ سٹاک اور رئیل اسٹیٹ میں ہونے والے فوائد سے تقویت پانے والے زیادہ کمانے والے افراد اب بھی سفر، پر تعیش اشیاء اور ملبوسات پر خرچ کر رہے ہیں جبکہ کم آمدنی والے امریکیوں کے لئے روزمرہ کی ضروریات ان کی آمدنی کے زیادہ تر حصے کو نگل رہی ہیں جس کی وجہ سے وہ مشکلات کا شکار ہیں۔بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے سینئر فیلو ڈیرل ویسٹ نے شِنہوا کو بتایا کہ زندگی گزارنے کے اخراجات بڑھ رہے ہیں لیکن مالدار افراد اب بھی سفر کرنے کے ساتھ بڑی خریداری کر رہے ہیں۔ یہ چیز پرچون فروخت کو اوپر رکھے ہوئے ہے حالانکہ مجموعی معیشت بہت سے افراد کے لئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر رہی ہے۔ماہرین نے خبردار کیا کہ یہ غیر متوازن معیشت پرچون کی صنعت کو کمزور کر سکتی ہے۔ اگر اعلیٰ طبقے کے صارفین کی خریداری میں کمی آئی تو پرچون فروخت میں کمی آ سکتی ہے۔بعض کا مشاہدہ ہے کہ صارفین محض اس لئے زیادہ خرچ کر رہے ہیں کیونکہ مہنگائی نے ضروری اشیاء کو زیادہ مہنگا کر دیا ہے۔یونیورسٹی آف میری لینڈ میں سنٹر فار انٹرنیشنل اینڈ سکیورٹی سٹڈیز کے محقق کلے رامسے نے کہا کہ تمام آمدنی والے گروپوں کے لوگوں کو اپنی ضروریاتِ زندگی خریدنی پڑتی ہیں۔ جیسے جیسے مہنگائی قیمتیں بڑھا رہی ہے لوگ ایک طرح سے اپنے اخراجات بھی بڑھا رہے، یعنی وہی ضروری اشیاء زیادہ قیمت پر خرید رہے ہیں۔امریکی انتظامیہ نے اگرچہ مہنگائی کم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن قیمتوں میں کمی کے آثار بہت کم دکھائی دیئے ہیں۔ مزید برآں ایران کے ساتھ کشیدگی گیس کی بلند قیمتوں کا باعث بن رہی ہے جس سے کم آمدنی والے امریکیوں پر مزید دباؤ پڑ رہا ہے۔بعض ماہرین کا خیال ہے کہ اس سے ریپبلکن پارٹی کو، جو اس وقت امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت رکھتی ہے، آنے والے وسط مدتی انتخابات میں نقصان پہنچ سکتا ہے۔ویسٹ نے کہا کہ عوامی رائے کے جائزوں سے پتہ چلتا ہے کہ دو تہائی امریکیوں کی مالی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بہت سے لوگ اب بھی مشکلات کا شکار ہیں اور یہ نومبر میں ریپبلکنز کے لئے مسائل پیدا کر سکتی ہے۔
امریکہ میں مالدار صارفین کے باعث پرچون فروخت میں تیزی، کم آمدنی والوں کو مشکلات کا سامنا



