بندر سری بگوان (شِنہوا) چین اور برونائی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر چین کے معذور افراد کے فنکاروں کے طائفے اور برونائی کے معذور فنکاروں کے تعاون سے ایک ثقافتی پرفارمنس کا انعقاد کیا گیا۔
“مائی ڈریم ” کے عنوان سے خصوصی پرفارمنس میں اشاروں کی زبان میں نظم کی پیشکش، رقص، گائیکی اور موسیقی کے آلات کی پیشکش شامل تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برونائی میں چین کے سفیر چھن شاؤ چھون نے کہا کہ چین دونوں سربراہان مملکت کی تزویراتی رہنمائی کو برقرار رکھنے، اعلیٰ سطح کے تزویراتی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے، مختلف شعبوں میں دوستانہ تعاون کو گہرا کرنے اور مشترکہ طور پر چین ۔برونائی ہم نصیب برادری کی تعمیر کے لیے برونائی کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
تقریب میں برونائی کے وزیر ثقافت، نوجوانان اور کھیل پینگیران شمہاری پینگیران حاجی مصطفیٰ، وزیر ٹرانسپورٹ اور اطلاعات و مواصلات محمد رضا حاجی محمد یونس اور برونائی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 400 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔
برونائی۔چائنہ فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے صدر محمد فردوس بن عبدالرحمٰن نے کہا کہ دو دہائیوں سے زائد عرصے کے بعد چین کے معذور افراد کے فنکاروں کے طائفے کا برونائی کا دورہ فن کے ذریعے دونوں عوام کے درمیان ایک پل کی تعمیر میں مدد دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کی عکاسی کرتا ہے۔
چائنہ انٹرکانٹینینٹل کمیونیکیشن سینٹر کے مطابق چین کے معذور افراد کا فنکاروں کا طا ئفہ دوستانہ ثقافتی تبادلے کی سرگرمیوں کے لیے اسکولوں اور کمیونٹیز کا بھی دورہ کرے گا تاکہ عوام کے درمیان دوستی کو فروغ دیا جا سکے۔
چین برونائی تعلقات کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر برونائی میں ثقافتی پرفارمنس کا انعقاد



