بیجنگ (شِنہوا) چین میں رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران ریلوے کے ذریعے ریکارڈ 3 ارب 32 کروڑ سفری دورے ریکارڈ کئے گئے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.9 فیصد زیادہ ہے۔
چائنہ اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ (چائنہ ریلوے) کے جاری اعداد وشمار کے مطابق اس عرصے کے دوران ملک بھر میں روزانہ اوسطاً 11 ہزار 508 مسافر ٹرینیں چلائی گئیں جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہیں۔
چین کی بغیر ویزا مختصر قیام کی پالیسی کے باعث غیر ملکی مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔ پہلے 8 ماہ میں ریلوے کے ذریعے غیرملکی مسافروں نے ایک کروڑ 66 لاکھ 80 ہزار سے زائد سفری دورے کئے جو سالانہ بنیاد پر 33.3 فیصد زیادہ ہے۔
سرحد پار ریلوے سفر میں بھی مسلسل اضافہ ہوا۔ چائنہ-لاؤس ریلوے کے ذریعے 2 لاکھ 45 ہزار سرحد پار سفر ریکارڈ کئے گئے جو 39.1 فیصد زیادہ ہیں جبکہ گوانگ ژو-شن ژین-ہانگ کانگ تیز رفتار ریلوے سے 2 کروڑ 34 لاکھ سے زائد سرحد پار سفری دورے کئے گئے جو 10.7 فیصد اضافہ ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ریکارڈ مسافروں کی بڑی وجوہات میں چین کے تیز رفتار ریلوے نیٹ ورک میں توسیع، ٹرینوں کی بہتر آپریشنل صلاحیت، سیاحت پر اخراجات میں اضافہ اور سرحد پار سفر میں آسانی شامل ہیں۔
چین نے 57 ممالک کے شہریوں کے لئے 240 گھنٹے تک بغیر ویزا مختصر قیام کی سہولت فراہم کر دی ہے جس میں کرغزستان اور ویتنام تازہ ترین شامل ہونے والے ممالک ہیں۔ اس پالیسی سے سرحد پار سفر میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پہلے 8 ماہ میں چین کے سرحدی حکام نے ملک میں آنے اور باہر جانے کے 49 کروڑ 90 لاکھ سفری دورے ریکارڈ کئے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 8.7 فیصد زیادہ ہیں۔
چائنہ ریلوے نے مقامی ثقافتی اور سیاحتی محکموں کے ساتھ مل کر سیاحت کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کئے۔ اس دوران ملک بھر میں 2 ہزار 501 خصوصی سیاحتی ٹرینیں چلائی گئیں۔
چین کے شمال مغربی شہر شی ننگ سے لہاسا جانے والی وائی 839 سیاحتی ٹرین میں 56 سالہ برطانوی سیاح کرس اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ پہلی بار چین کا سفر کر رہاتھا، جہاں لہاسا ان کی پہلی منزل تھی۔ چین میں طویل عرصے سے دلچسپی رکھنے والے کرس نے سطح مرتفع کے خوبصورت مناظر دیکھنے کے لئے ٹرین کے ذریعے سفر کا انتخاب کیا۔ وائی 839 ٹرین کے کنڈکٹر گائی منگ جنگ نے بتایا کہ اس ٹرین میں تھائی لینڈ، برطانیہ اور جاپان سمیت 7 ممالک کے 30 سے زائد غیر ملکی مسافر سفر کر رہے ہیں۔
چائنہ ریلوے نے کہا کہ وہ آئندہ وسط خزاں کے تہوار اور قومی دن کی تعطیلات کے دوران متوقع سفری رش کے لئے تیاریاں کرے گا، سٹیشنوں اور ٹرینوں میں سہولیات کو بہتر بنائے گا اور خصوصی سیاحتی ٹرینیں چلائے گا تاکہ مسافروں کو مزید بہتر سفری تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
چین میں رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران ریلوے مسافروں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی



