نیو یارک (نیشنل ٹائمز) اقوام متحدہ میں امریکا کے سفیر مائیک والٹز نے کہا ہے ک ایران اگر نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر واپس آتا ہے تو اس کے لیے بات چیت کے دروازے اب بھی کھلے ہیں۔
نیویارک میں ایک تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک والٹز نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے ساتھ جنگ 47 سال سے جاری تنازع کا تسلسل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران دنیا میں دہشت گردی کی سرپرستی کرنے والا سب سے سرگرم ملک ہے۔
امریکی سفیر نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس بات کے لیے پُرعزم ہیں کہ ایران کو کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دیے جائیں اور اس مقصد کے لیے تہران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔
مائیک والٹز کے مطابق صدر ٹرمپ ایران کو جوہری ہتھیاروں کی آڑ میں دنیا کو یرغمال بنانے سے روکنے کے لیے پُرعزم ہیں، خصوصاً آبنائے ہرمز کو یرغمال بنانے کی کوشش کی اجازت نہیں دی جائے گی۔



