اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان محفوظ تو ہم سب محفوظ ہیں، یوم دفاع پاکستان صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ وہ عہد ہے جس دن پاکستانی قوم نے دنیا پر یہ واضح کردیا تھا کہ پاکستان کی طرف اٹھنے والا ہر ہاتھ قوم کے اتحاد اور افواج پاکستان کے عزم سے ٹکرائے گا اور شکست کھائے گا۔
پی ایف یو جے نے کہا کہ آج بھی پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور پاکستان کی سرحدوں پر کھڑے بہادر سپاہی دشمن کے ہر ناپاک ارادے کے سامنے فولاد کی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ پی ایف یو جے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر افواج پاکستان کے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر رانا عظیم اور سیکریٹری جنرل شکیل احمد نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کا دفاع صرف بندوق اور توپ سے نہیں بلکہ قومی اتحاد، سیاسی استحکام، معاشی خود انحصاری اور ذمہ دار صحافت سے بھی مضبوط ہوتا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ملکی سرحدوں کی محافظ ہیں، پارلیمنٹ قومی فیصلوں کا مرکز ہے جبکہ عوام پاکستان کی اصل طاقت ہیں۔ جب فوج، پارلیمنٹ اور عوام ایک قومی مقصد کے تحت متحد ہوں تو دشمن کی تمام سازشیں اپنی موت آپ مر جاتی ہیں۔
پی ایف یو جے نے واضح کیا کہ ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کے معاملے پر کسی قسم کی مصلحت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پاکستان کی سرزمین، پاکستان کی خودمختاری اور پاکستان کے ریاستی ادارے کسی فرد، گروہ یا سیاسی مفاد کے تابع نہیں بلکہ پوری قوم کی امانت ہیں۔ اختلاف رائے جمہوریت کا بنیادی حق ہے لیکن اختلاف رائے کے نام پر پاکستان کو کمزور کرنا، ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پھیلانا یا دشمن کے بیانیے کو تقویت دینا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
پی ایف یو جے نے کہا کہ اس نے ہمیشہ آزادی صحافت کے بنیادی حق کے ساتھ ساتھ قومی ذمہ داری کو بھی مقدم رکھا ہے۔ صحافت کا کام سوال اٹھانا، احتساب کرنا، حقائق سامنے لانا اور عوام کو باخبر رکھنا ہے، لیکن صحافت کے نام پر پاکستان کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈا کرنا، ریاستی اداروں کو بدنام کرنا یا دشمن قوتوں کے مفادات کو آگے بڑھانا صحافت نہیں بلکہ قومی ذمہ داری سے انحراف ہے۔ پی ایف یو جے ایسے ہر طرز عمل کو مسترد کرتی ہے۔
پی ایف یو جے نے کہا کہ ملک کی حقیقی نمائندہ صحافتی تنظیم ہونے کے ناطے وہ نہ صرف پاکستان میں صحافیوں کے حقوق اور آزادی صحافت کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے بلکہ بین الاقوامی صحافتی حلقوں میں بھی پاکستان کے صحافیوں کے مسائل اور پاکستان کے حقیقی مؤقف کو اجاگر کرتی رہی ہے۔ بین الاقوامی صحافتی اداروں کے سامنے پاکستان کی نمائندگی کے ہر موقع پر پی ایف یو جے نے ذمہ دارانہ اور مثبت طرز عمل اختیار کیا ہے اور پاکستان کے خلاف کسی بھی منظم منفی مہم کا حصہ بننے سے ہمیشہ انکار کیا ہے۔
صدر رانا عظیم اور سیکریٹری جنرل شکیل احمد نے کہا کہ پی ایف یو جے کسی ایسی سیاسی قوت، فرد یا گروہ کے ساتھ کھڑی نہیں ہوسکتی جو پاکستان کی وحدت، سلامتی اور قومی اداروں کے خلاف کسی مذموم مہم کا حصہ ہو یا دہشت گردی، انتشار اور تشدد کے ذریعے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کرے۔ پاکستان کے خلاف سرگرم عناصر، خواہ وہ اندر موجود ہوں یا بیرونی قوتوں کے اشاروں پر کام کررہے ہوں، ان کے عزائم کو قوم کے سامنے بے نقاب کرنا ہر ذمہ دار پاکستانی کا فرض ہے۔
پی ایف یو جے نے واضح کیا کہ ملک میں حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، سیاسی جماعتیں اقتدار میں آتی اور اپوزیشن میں جاتی رہتی ہیں لیکن پاکستان ہمیشہ قائم رہتا ہے۔ پاکستان کی ریاستی سلامتی کسی حکومت، کسی جماعت یا کسی فرد کی ملکیت نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ امانت ہے۔ اسی لیے قومی سلامتی کے بنیادی معاملات پر سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر قومی اتفاق رائے پیدا کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔
پی ایف یو جے نے حکومت وقت سے بھی واضح طور پر کہا کہ آزادی صحافت کا احترام کیا جائے، صحافیوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے نمائندہ صحافتی تنظیموں کو اعتماد میں لیا جائے اور صحافت سے متعلق قانون سازی میں صحافتی برادری کی حقیقی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان میں آزادی صحافت اور قومی سلامتی ایک دوسرے کی ضد نہیں بلکہ ایک مضبوط جمہوری ریاست کے دو بنیادی ستون ہیں۔
پی ایف یو جے کا مؤقف ہے کہ صحافت کو مضبوط کیے بغیر جمہوریت مضبوط نہیں ہوسکتی اور جمہوریت کو مضبوط کیے بغیر ریاستی استحکام پائیدار نہیں ہوسکتا، لیکن آزادی صحافت کے نام پر ملک دشمن پروپیگنڈے کو صحافت کا لبادہ پہنانے کی اجازت بھی نہیں دی جاسکتی۔ پاکستان کے صحافی اپنے قلم کی حرمت سے واقف ہیں اور پی ایف یو جے سمجھتی ہے کہ قلم کی طاقت کا اصل مقصد قوم کو تقسیم کرنا نہیں بلکہ قوم کو سچ سے آگاہ کرنا اور ریاست کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
سیکریٹری جنرل شکیل احمد کے حالیہ بیرون ملک دوروں کے دوران بھی پاکستان کے صحافیوں کے بنیادی مسائل اور پاکستان کے حقیقی مؤقف کو عالمی صحافتی حلقوں میں اجاگر کیا گیا ہے۔ پی ایف یو جے نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے صحافیوں کے حقوق کا مقدمہ پوری قوت کے ساتھ پیش کیا ہے اور آئندہ بھی جہاں پاکستانی صحافیوں کے حقوق اور پاکستان کے تشخص کا معاملہ ہوگا وہاں پی ایف یو جے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتی رہے گی۔
پی ایف یو جے نے کہا کہ پاکستان کے دشمنوں کے لیے سب سے بڑی شکست پاکستانی قوم کا اتحاد، پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، پاکستان کی پارلیمنٹ کی مضبوطی اور پاکستان کے عوام کا اپنی ریاست سے جڑا ہوا رشتہ ہے۔ دشمن خواہ کسی بھی سمت سے آئے، خواہ پروپیگنڈے کے ذریعے آئے، دہشت گردی کے ذریعے آئے یا انتشار اور نفرت کے ذریعے آئے، پاکستان کی قوم اپنے اتحاد سے ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
پی ایف یو جے نے ان تمام عناصر کو دوٹوک پیغام دیا جو پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں کہ پاکستان کوئی کمزور ریاست نہیں ہے۔ یہ وہ ملک ہے جس کے قیام کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دیں اور جس کی حفاظت کے لیے آج بھی اس کے سپوت اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ اس ملک کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کو یہ حقیقت کبھی فراموش نہیں کرنی چاہیے کہ پاکستان کی سرحدوں پر صرف فوجی جوان نہیں کھڑے بلکہ ان کے پیچھے ایک پوری قوم کھڑی ہے۔
پی ایف یو جے نے عزم ظاہر کیا کہ قومی سلامتی کے بنیادی معاملے پر صحافت کو دشمن کے پروپیگنڈے کا ہتھیار نہیں بننے دیا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف جھوٹے بیانیے کو صحافت کا نام دے کر پیش کرنے والوں کو بے نقاب کیا جائے گا اور پاکستان کے ریاستی اداروں کے خلاف کسی بھی منظم مذموم مہم کا حصہ بننے سے مکمل اجتناب کیا جائے گا۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے آئینی حقوق، آزادی صحافت اور اظہار رائے کی آزادی کے لیے پی ایف یو جے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی کیونکہ مضبوط ریاست کے لیے مضبوط صحافت بھی ضروری ہے۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پی ایف یو جے نے پوری قوم سے اپیل کی کہ سیاسی اختلافات کو اپنی جگہ رکھا جائے لیکن پاکستان کی سلامتی کو سیاست کی نذر نہ ہونے دیا جائے، دشمن کی سازشوں کو سمجھا جائے، قومی اداروں کے احترام کو یقینی بنایا جائے اور پاکستان کے دفاع کے لیے ہر سطح پر اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے۔ پاکستان کی فوج سرحدوں کی حفاظت کررہی ہے، پارلیمنٹ قومی اتحاد اور جمہوری قوت کی علامت ہے اور پاکستانی عوام اس پورے قومی دفاعی حصار کی اصل طاقت ہیں۔
صدر رانا عظیم اور سیکریٹری جنرل شکیل احمد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پی ایف یو جے پاکستان کی سلامتی، خودمختاری، قومی وحدت اور دفاع کے بنیادی تقاضوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ آزادی صحافت کے لیے بھی آواز بلند کی جائے گی اور پاکستان کے خلاف کسی مذموم مہم کو بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ پی ایف یو جے کا قلم پاکستان کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کے لیے اٹھے گا اور یہ قلم جہاں ظلم، ناانصافی اور صحافیوں کے حقوق کی پامالی کے خلاف آواز بنے گا وہیں پاکستان کی سلامتی اور قومی وحدت کے خلاف کسی سازش کو بھی خاموشی سے گزرنے نہیں دے گا۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پی ایف یو جے کا پیغام بالکل واضح ہے کہ پاکستان کی سرحدیں مضبوط ہیں، پاکستان کی فوج مضبوط ہے، پاکستان کے عوام مضبوط ہیں، پاکستان کی پارلیمنٹ مضبوط ہے اور جب قوم اپنے دفاع، اپنی آزادی اور اپنی خودمختاری کے لیے ایک صف میں کھڑی ہوجائے تو پاکستان کو کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔
پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کی سرحدوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، پاکستان کے قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور پاکستان کے خلاف کسی مذموم مہم کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
یہ وطن شہیدوں کی امانت ہے، غازیوں کی قربانیوں کا ثمر ہے اور کروڑوں پاکستانیوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ اس کی حفاظت صرف سرحدوں پر کھڑے جوانوں کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مقدس فریضہ ہے۔
پاکستان مضبوط تھا، پاکستان مضبوط ہے اور پاکستان ان شاء اللہ ہمیشہ مضبوط رہے گا۔
شہداء پاکستان کو سلام، غازیان پاکستان کو سلام، افواج پاکستان کو سلام۔
پاکستان زندہ باد۔



