اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کرغز وزیر خارجہ ژین بیک کلوبایف سے ملاقات کی ، اس دوران دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، اس موقع پر امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کیلئے ایس سی او اور دیگر کثیرالجہتی فورمز میں قریبی رابطہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا وزیراعظم شہبازشریف کے جمہوریہ کرغزستان کے دورے کے دوران 17 دوطرفہ دستاویزات پر دستخط کئے گئے ۔یہ معاہدے دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے نئے مواقع پیدا کریں گے ۔اسحاق ڈار کی کرغزستان سے وطن واپسی کے بعد وزارتِ خارجہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں برطانیہ، ترکیہ اور کرغزستان کے حالیہ دوروں کے نتائج اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اجلاس کی صدارت کی۔ وہ حالیہ دوروں کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ بھی رہے ، جہاں انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل آف ہیڈز آف سٹیٹ کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں تینوں ممالک کے دوروں کے دوران ہونے والی ملاقاتوں، بات چیت اور مختلف سطحوں پر ہونے والی سفارتی سرگرمیوں کے نتائج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ان روابط کے حوالے سے آئندہ کیے جانے والے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اسحاق ڈار نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ دوروں کے دوران زیرِ بحث آنے والے معاملات اور ہونے والی ملاقاتوں کے نتائج پر بروقت اور مو ثر انداز میں فالو اَپ یقینی بنایا جائے ۔
پاک کرغز معاہدے تعاون کے نئے مواقع پیدا کرینگے :ڈار



