پشاور(نیشنل ٹائمز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواکی ہائیڈل بجلی، تیل، گیس اور ایل پی جی سمیت قدرتی وسائل پورے پاکستان کی توانائی ضروریات میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم اپنے وسائل پیدا کے باوجود صوبے کے عوام کو ان کا جائزحق نہ ملنا مزید قابل قبول نہیں،وفاق سے ریلیف نہ ملا تو حقوق کیلئے عدالت جائیں گے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی و برقیات کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے کہا خیبرپختونخوا ملک کی توانائی ضروریات میں اتنا بڑا حصہ ڈال رہا ہے ، لیکن دوسری طرف اے جی این کاظی فارمولے کے تحت وفاق کے ذمے این ایچ پی کے بقایاجات 2300 ارب روپے سے تجاوز کر چکے ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا خیبرپختونخوا کے قدرتی وسائل اور توانائی کی پیداوار کے باوجود صوبے کے عوام کو ان کے وسائل کا جائز فائدہ نہ ملنا آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے آئینی و مالی حقوق کے تحفظ کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ تمام متعلقہ معاملات مضبوط اور باضابطہ طور پر اٹھائے جائیں اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن آئینی و قانونی راستہ اختیار کیا جائے۔
وفاق سے ریلیف نہ ملا تو حقوق کیلئے عدالت جا ئینگے ، سہیل آفریدی



