اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پمز ہسپتال کے نومولود بچوں کے وارڈ میں پیش آنے والے دلخراش سانحے کے معاملے پر پاکستان جرنلسٹ فیڈریشن کے مرکزی صدر عباس احمد نے کراچی کمپنی تھانے میں باقاعدہ اندراجِ مقدمہ کے لیے درخواست جمع کرا دی۔ عباس احمد کا کہنا ہے کہ 14 معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع محض محکمانہ انکوائری تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔ واقعے میں اگر غفلت، لاپروائی یا ذمہ داری کا تعین ہوتا ہے تو ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق فوجداری کارروائی عمل میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ انکوائری اپنی جگہ، مگر اتنے بڑے سانحے پر باقاعدہ مقدمہ درج کرکے شفاف اور غیرجانبدارانہ تفتیش ہونی چاہیے، تاکہ حقائق قوم کے سامنے آسکیں اور ذمہ دار افراد قانون کے کٹہرے میں لائے جا سکیں۔ عباس احمد نے کہا کہ یہ صرف 14 خاندانوں کا نہیں بلکہ پوری قوم کا دکھ ہے۔ آج پوری قوم ان معصوم بچوں کے لیے انصاف کی اپیل کر رہی ہے، اور متاثرہ خاندانوں کو محض تسلی نہیں بلکہ عملی انصاف چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ درخواست پر فوری قانونی کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور غفلت ثابت ہونے کی صورت میں کسی بھی بااثر شخصیت یا افسر کو استثنیٰ نہ دیا جائے۔




