لاہور(نیشنل ٹائمز)ایلیٹ ٹریننگ سنٹر میں دوران دوڑ 2 ٹی اے ایس آئیز جاں بحق ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق ایلیٹ سینٹر میں دورانِ دوڑ راولپنڈی پٹرولنگ پولیس کا اے ایس آئی سید تصور شاہ جاں بحق ہوگیا ،پولیس ذرائع کے مطابق شدید گرمی اور حبس کے باعث ایلیٹ کورس کے دوران تصور شاہ کی طبیعت خراب ہوئی اور وہ جانبر نہ ہوسکا۔سرگودھا ریجن کے اے ایس آئی ارشد سمیت دو دیگر اہلکار بھی طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیے گئے ہیں۔جہاں ارشد چند گھنٹوں بعد دم توڑ گیا۔
پولیس اہلکاروں کیلئے ایلیٹ کورس لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ سخت گرمی اور حبس کے موسم میں بھی اہلکاروں کو کورس کروایا جا رہا ہے ،پولیس ذرائع کے مطابق اس سے قبل اہلکاروں کے لیے یہ کورس لازمی نہیں تھا، جبکہ 35 سال سروس مکمل کرنے کے بعد اہلکار کورس سے مستثنٰی ہو جاتے تھے ۔ گزشتہ آئی جی کے دور میں بھی بعض اہلکاروں کو کورس کے بغیر ہی ترقی دی جاتی تھی ،واقعے کے بعد ایلیٹ کورس کے دوران اہلکاروں کی صحت اور موسمی حالات سے متعلق حفاظتی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔



