شین یانگ (شِنہوا) شدید گرم موسم کے ایک دن ژاؤ منگ یو چین کے شمال مشرقی شہر شین یانگ میں بی ایم ڈبلیو بریلیئنس کے پیداواری مرکز کی ایئر کنڈیشنڈ ورکشاپ میں داخل ہوا جہاں پیلے رنگ کے روبوٹک بازو تال میل کے ساتھ حرکت کرتے ہوئے پرزوں کو موڑ اور ویلڈ کر رہے تھے۔ اس کے نتیجے میں کاروں کے دیدہ زیب ڈھانچے تشکیل پا رہے تھے۔
ہائی سکول سے حال ہی میں فارغ التحصیل ہونے والے ژاؤ نے مکمل طور پر بند مشاہداتی راہداری سے گزرتے ہوئے سمارٹ ورکشاپ کا دورہ کیا اور مینوفیکچرنگ کے 4 بنیادی مراحل، یعنی سٹیمپنگ، باڈی اسمبلی، پینٹنگ اور فائنل اسمبلی کا مشاہدہ کیا۔
ژاؤ نے کہا کہ “میں پہلے سمجھتا تھا کہ گاڑیاں زیادہ تر کارکن ایک ایک پرزہ جوڑ کر تیار کرتے ہیں۔ لیکن اتنے زیادہ روبوٹس کو اس قدر درستگی کے ساتھ مل کر کام کرتے دیکھ کر میں کالج میں مکینیکل انجینئرنگ یا مصنوعی ذہانت کی تعلیم حاصل کرنے کے بارے میں سوچنے پر مجبور ہو گیا۔”
اس موسم گرما میں جرمن کار ساز کمپنی کے چین میں مشترکہ منصوبے بی ایم ڈبلیو بریلیئنس نے صوبہ لیاؤننگ کے دارالحکومت شین یانگ میں اپنے کارخانوں کو کالج اور ہائی سکول میں داخلے کے لئے قومی امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ کے لئے مفت فیکٹری ٹورز کے لئے کھول دیا۔
ژاؤ جیسے افراد کے لئے امتحانی داخلے کے سرٹیفکیٹس بی ایم ڈبلیو بریلیئنس کی جدید سمارٹ مینوفیکچرنگ ورکشاپس میں داخلے کے اجازت نامے بن گئے۔ یہ بی ایم ڈبلیو گروپ کا دنیا بھر میں سب سے بڑا پیداواری مرکز ہے۔
ژاؤ کا دورہ موسم گرما میں بڑھتے ہوئے ایک ایسے رجحان کا حصہ ہے جس میں چینی خاندان گرمی سے بچنے اور نئی معلومات و تجربات حاصل کرنے کے لئے روایتی سیاحتی مقامات کے بجائے صنعتی مقامات کے دلچسپ اور عملی دوروں کو ترجیح دے رہے ہیں۔
چین بھر میں سکولوں کے موسم گرما کی تعطیلات کے لئے بند ہوتے ہی 2 ماہ پر محیط سفری رش شروع ہوگیا ہے۔ چین کی معروف آن لائن ٹریول ایجنسیوں میں سے ایک تونگ چھینگ ٹریول کے اعداد و شمار کے مطابق اس موسم گرما میں خاندان اور طلبہ بدستور 2 بڑے مسافر گروپ رہے۔
ملک کے قدیم ترین صنعتی مراکز میں شمار ہونے والے شین یانگ میں جدید کارخانوں اور ازسرنو تیار کئے گئے صنعتی ورثے کے مقامات کی بدولت صنعتی سیاحت میں تیزی آئی ہے۔
شین یانگ کے تئی شی ضلع میں بی ایم ڈبلیو بریلیئنس کا پلانٹ اب لیاؤننگ کی سیاحت کا ایک نمایاں مرکز بن چکا ہے۔۔ 2017 میں چین کے پہلے قومی اے 4 درجہ حاصل کرنے والے آٹو موبائل مینوفیکچرنگ پلانٹ کی منظوری ملنے کے بعد سے یہاں ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد سیاح آ چکے ہیں۔ اے 4 درجہ ملک کی بلند ترین اے 5 درجہ بندی سے صرف ایک درجہ نیچے ہے۔
صنعتی سیاحت نے چین میں موسم گرما کی خاندانی سیر و سیاحت کا انداز بدل دیا



