نئی دہلی(نیشنل ٹائمز)انڈیا کے شمالی علاقے میں زیرِ تعمیر سرنگ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پانی اور ملبہ داخل ہونے سے کم از کم 7 مزدور ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے ۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے جمعے کو بتایا کہ یہ حادثہ جمعرات کی رات ہمالیائی ریاست اتراکھنڈ میں پیش آیا، جہاں مزدور سرکاری ہائیڈرو پاور منصوبے کے لیے سرنگ کی تعمیر میں مصروف تھے ۔ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق کم از کم 3 مزدور اب بھی لاپتہ ہیں، جبکہ 19 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے ۔ یہ حادثہ ٹیہری ہائیڈرو ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منصوبے پر پیش آیا۔ اتراکھنڈ میں گزشتہ چند روز سے شدید مون سون بارشیں جاری ہیں۔انڈیا میں بڑے تعمیراتی منصوبوں پر حادثات عام ہیں، تاہم ماہرینِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ ہمالیائی خطے میں ضرورت سے زیادہ ترقیاتی منصوبوں نے قدرتی آفات کے خطرے میں اضافہ کیا ہے ۔



