عقیدہ ختم نبوت کا انکار کتنے گھاٹے کا سودا ہے

تحریر: عابد حسین قریشی

تاریخ انسانیت میں کیا کسی اور شخصیت کو یہ عزت و توقیر ملی، جو ہمارے نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حصہ میں آئی۔ یہ منفرد مقام، یہ محبت و عقیدت کی چاشنی، یہ مسحور کن سراپا جس پر ہزاروں شاعروں نے تاریخ کے جھروکوں سے اتنا سحر انگیز خراج عقیدت پیش کیا، کہ کوئی دوسرا شخص اس کا تصور بھی نہیں کر سکتا۔ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شخصیت کے ہر پہلو، ہر زاویہ اور ہر انداز سے اس قدر جامع اور پر مغز گفتگو، تحریر و تقریر اور توصیف و ثنا خوانی چودہ صدیوں سے جاری و ساری ہے۔ کروڑوں بلکہ اربوں مسلمان اسلام میں اللہ تعالٰی کے بعد ایک ہی شخصیت کے دیوانے اور فرزانے ہیں، ایک ہی شخصیت سے والہانہ پیار اور عشق کرتے ہیں۔ ایک ہی شخصیت کو اپنی امیدوں اور تمناؤں کا محور و مرکز سمجھتے ہیں۔ اور وہ نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس ہی تو ہے۔ مسلمان تو اس ذات والا صفات پر اس قدر فریفتہ و فدا ہیں، کہ وہ تو اللہ تعالٰی کے بعد محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ کسی اور کی محبت کا سوچنا بھی گوارا نہیں کرتے۔ انکی زندگیوں کا عشق تو اول و آخریں اسی نبی محتشم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے وابستہ ہے، جن کی عزت اور حرمت کے لئے ہر مسلمان اپنی جان قربان کرنے کو بھی ہمہ وقت تیار ہوتا ہے۔ ہمارے نبی مکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اللہ تعالٰی کے وہ برگزیدہ آخری نبی ہیں، کہ جنکی اللہ تعالٰی اپنے فرشتوں کی محفل میں بھی تعریف و توصیف فرماتے ہیں۔ اللہ تعالٰی اور انکے فرشتے سرکار مدینہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر درود بھیجتے ہیں۔ اور اللہ تعالٰی نے اپنے اس عزیز ترین نبی محتشم کو مقام محمود پر فائز کرنے کا وعدہ بھی فرما رکھا ہے۔ بلاشبہ یہ آخری نبی ہیں۔ ان پر ہدایت مکمل ہوئی، انہی پر اللہ تعالٰی کی آخری الہامی کتاب قرآن پاک نازل ہوئی۔ انہیں ہی خاتم النبیین کا عظیم الشان ٹائٹل عطا فرمایا گیا۔ انہی کی عظمت اور مقام و مرتبہ قرآن پاک میں تکرار کے ساتھ بلند فرمایا گیا۔ مگر کتنی بد قسمتی کی بات ہے، چودہ سو سال سے ختم نبوت کے طے شدہ عقیدہ اور مسئلہ کو کتنی حیلہ بازیوں اور چالاکیوں سے اس طے شدہ عقیدہ ختم نبوت میں نقب لگانے کی کوشش کی گئی۔ مجدد سے ظلی اور بروزی نبی اور مسیح موعود کا سفر طے کرتے ہوئے مرزا غلام احمد قادیانی نے خود کو مثل محمد (نعوذبااللہ) کہنا شروع کر دیا۔ اور خاتم النبیین اور رحمت العالمین جیسے منفرد اور عالی شان ٹائٹل بھی ہتھیانے کی بھونڈی کوشش کی۔ کیا عقل سلیم یہ بات تسلیم کرتی ہے، کہ اس کائنات میں کوئی دوسرا محمد عربی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پیدا ہو سکتے ہیں، یا انکی مثل کوئی آ سکتا ہے، یا اتنا باطل دعوٰی ہی کر سکتا ہے۔ جو بھی یہ دعوٰی کرتا ہے، اور اس دعوٰی پر یقین رکھتا ہے، وہ براہ راست نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس پر حملہ کرتا ہے اور وہ آقا کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اذیت دیتا ہے۔ عقیدہ ختم نبوت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔ عاشقان رسول اس میں کوئی ملاوٹ یا کھوٹ پسند نہیں کرتے۔ یہ عقیدہ ختم نبوت ہمارے دلوں کے بہت قریب ہے، بلکہ ہمارے دلوں کی دھڑکنوں میں بستا ہے۔ اسکی مہک سے ہی تو ہمارے جسم و روح کی دنیا آباد ہے۔ جو منکر عقیدہ ختم نبوت ہو کر اس دنیا سے گیا، وہ کس نبی آخرالزماں حضرت محمد مصطفٰی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روز محشر گواہی اور شفاعت کی توقع اور امید رکھے گا۔ عقیدہ ختم نبوت کا منکر صرف نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو ہی ناراض نہیں کر رہا، بلکہ وہ تو مخلوق ہونے کے باوجود اپنے خالق کی غیرت کو للکار رہا ہے۔ وہ اللہ جو ہر چیز پر حاوی اور ہر چیز کا علم رکھتا ہے، جس نے اپنے نبی آخرالزماں کی محبت کا چراغ دلوں میں فروزاں کر رکھا ہے، اسکی ناراضگی اور غضب کو دعوت بھی دے رہا ہے۔ چند دنیاوی مصلحتوں اور مفادات کے لئے منکرین ختم نبوت کتنا گھاٹے کا سودا کر رہے ہیں۔



  تازہ ترین   
امریکا مفاہمت اختیار کرے، معاہدے کیلئے موجودہ صورتحال بہترین ہے: ایرانی صدر
امریکا ایران کشیدگی کم کرنے میں پاکستان کا ثالثی کردار اہم رہا:ساؤتھ ایشین وائسز
ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ نیٹو آرٹیکل 5 جیسا ہے، حاقان فیدان
امریکی نائب صدر کا ایران کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت کا دعویٰ
یو اے ای کا آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کے تحفظ پر تشویش کا اظہار
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے کے کسی ملک کیلئے خطرہ نہیں: سعودی عہدیدار
ایران نے آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولنے کیلئے امریکا کو 6 شرائط پیش کر دیں
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کریں گے: رانا ثناء اللہ





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر