لندن ،اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے باوجود وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کر دیا جس کے تحت پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل دونوں مہنگے کر دئیے گئے ۔مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے خاتمے سے متعلق امریکی صدر ٹرمپ کے مثبت اشاروں کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ منگل کو امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 3.2 فیصد کمی کے بعد 79.13 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 3.7 فیصد کمی کے بعد 83.87ڈالرفی بیرل تک گر گئی۔ دوسری جانب پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 1 روپیہ 63 پیسے فی لٹر اضافہ کیا گیا ہے ، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے ۔اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 55 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 388 روپے 38 پیسے فی لٹر ہو گئی ہے ۔نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ، اشیائے خور و نوش اور دیگر ضروری اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔دوسری جانب مہنگائی کے بڑھتے طوفان پرعوام نے حکومت کے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی، پاکستان میں پٹرول ، ڈیزل پھر مہنگا



