لاہور (نیشنل ٹائمز) اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں اچانک ازخود ایک ہزار روپے فی من اضافہ کردیا گیا جس کے بعد آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا۔ اوپن مارکیٹ میں گندم 4800 روپے فی من جبکہ راولپنڈی میں 4900 روپے فی من تک فروخت ہونے لگی ہے ، جس کے باعث لاہور میں 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلوں کی قلت پیدا ہوگئی۔مارکیٹ سروے کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلا 1125 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 2250 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2150 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے ، جو تقریباً 20 کلو آٹے کے تھیلے کے برابر قیمت پر دستیاب ہے۔
ذرائع کے مطابق متعدد سٹورز پر 10 اور 20 کلو آٹے کے تھیلے دستیاب نہیں، جبکہ جہاں دستیاب ہیں وہاں بھی محدود سپلائی کی جا رہی ہے ۔ دوسری جانب ڈی جی فوڈ امجد حفیظ نے سرکاری گندم کا ریٹ 3800 روپے فی من برقرار رکھنے اور لاہور سمیت صوبے بھر میں آٹے کی مناسب سپلائی کا دعویٰ کیا ہے ، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی نیا سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔آٹے کی قیمت بڑھنے کے بعد لاہور کے مختلف علاقوں میں روٹی بھی ازخود مہنگی کر دی گئی ہے ۔ رائیونڈ، ملتان روڈ، جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، ویلنشیا، اقبال ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن اور گارڈن ٹاؤن سمیت بیشتر علاقوں میں سادہ روٹی 22 سے 25 روپے جبکہ انارکلی، مال روڈ، اسلام پورہ، سنت نگر، باغبانپورہ اور شاہدرہ میں 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
نان کی قیمت بھی 30 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔نان روٹی ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں مسلسل اضافے سے تندور مالکان شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق موجودہ سرکاری نرخ پر روٹی فروخت کرنا ممکن نہیں کیونکہ آٹے کی بوری مہنگی ہونے سے پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے ۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا مو قف ہے کہ سرکاری نرخ کے مطابق روٹی 14 روپے میں فروخت ہونی چاہیے اور زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ، تاہم تاحال گندم، آٹے اور روٹی کی قیمتوں کا کوئی نیا سرکاری نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں تینوں اشیا ازخود مہنگے داموں فروخت کی جا رہی ہیں۔



