بلا عنوان

تحریر: عابد حسین قریشی

زندگی کو خوبصورت بناؤ، کچھ صبر کرکے، کچھ برداشت کرکے اور بہت کچھ نظر انداز کرکے۔ کچھ بھول جاؤ، کچھ معاف کر دو، یہی بہترین اصول ہے۔

حاسد انسان کا دشمن نہیں ہوتا، وہ اس نعمتِ خداوندی کا دشمن ہوتا ہے جو آپ کے پاس ہے۔ دراصل حاسد خدائی تقسیم پر راضی نہیں ہوتا، کیونکہ سب نعمتیں، بشمول عزت، رزق اور شہرت، سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا ہوتی ہیں۔

خود عزت اور آرام کی روٹی کھا رہے ہو تو دوسروں کو بھی اس میں شریک کر لو۔ یہ صرف اور صرف تم پر اللہ تعالیٰ کا کرم ہے، ورنہ تم سے ذہنی اور جسمانی طور پر بہتر لوگ زندگی کو جبرِ مسلسل کی طرح کاٹ رہے ہوتے ہیں۔

لوگوں میں انسانوں کی طرح جینا مشکل ہے، لوگ مافوق الفطرت بننا چاہتے ہیں، حالانکہ انسان بننا زیادہ مشکل ہے۔ اپنے آپ کو دوسروں سے بہتر، جاہل اور متکبر سمجھتے ہیں۔ عاجزی میں ہی عظمت ہے، جبکہ رعونت میں خواری۔ نیک وہی ہے جسے لوگ نیک سمجھیں، یہ زبردستی یا ریاکاری سے نہیں منوایا جا سکتا۔ آپ کے رویے اور قول و فعل آپ کے کردار کا تعین کرتے ہیں۔ آپ کسی کو بااختیار اور طاقتور ہوتے ہوئے عزت دیتے ہیں تو اختیار ختم ہونے پر وہ عزت لوٹ کر آتی ہے۔ بصورتِ دیگر لوگ منہ چھپائے پھرتے ہیں۔

باتیں تو سبھی اچھی کر لیتے ہیں، کردار تو عمل سے مترشح ہوتا ہے۔ دوسروں کی غلطیوں پر ہنسنے والے اس سے بڑی غلطیاں کر چکے ہوتے ہیں۔ غلطی کو غلطی نہ سمجھنا حماقت کہلاتا ہے۔ حماقت پر اصرار، ضد، اور ضدی اور پاگل میں کوئی خاص فرق نہیں ہوتا۔

نیکی اور گناہ کے درمیان ایک جست ہی تو ہے، جو نیت سے مشروط ہوتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کو نرم دل لوگ زیادہ پسند ہیں۔ دل کی سختی سے تو بعض اوقات عبادات بھی رائیگاں چلی جاتی ہیں۔ چہرے اور آنکھوں سے پڑھ کر کسی کی حاجت روائی، کسی کے ہاتھ پھیلانے سے پہلے ہی کر دینا نیکی کی معراج ہے، جو نصیب والوں کے حصے میں ہی آتی ہے۔

ہر بات کا جواب دینا ضروری نہیں ہوتا۔ کبھی کبھی مسکرا کر بھی مصیبت یا تنازع کو ٹالا جا سکتا ہے۔ ضد اور انا پرستی ذہنی سکون کو برباد کر دیتی ہے۔ عقل مند وہ نہیں ہوتا جسے گفتگو کا فن آتا ہو، بلکہ وہ ہوتا ہے جسے یہ پتا ہو کہ کون سی بات نہیں کرنی۔

خود پسندی یا خودستائشی انسان کی کمزوری ہے اور یہ بعض اوقات تکبر کی طرف لے جاتی ہے۔ پیار کے دو بول بعض اوقات وہ کام بھی کرا دیتے ہیں جو بہت سا کروفر اور پیسہ بھی نہیں کرا پاتے۔ آپ کے پیار، محبت، توجہ اور چاہت کے وہ لوگ زیادہ مستحق ہوتے ہیں جو آپ کے قریب ہوتے ہیں۔

دوستوں سے حسنِ سلوک آپ کے ظرف کی غمازی کرتا ہے اور رشتہ داروں سے حسنِ سلوک احسان اور احساس مانگتا ہے۔ یہ رزق میں وسعت اور درازیِ عمر کا سبب بھی بنتا ہے۔ جو بات نہیں جانتے، اس پر تبصرہ کرنے کی ضرورت نہیں، اور جو جانتے ہو، اسے سچائی سے بیان کرنا ہی مناسب ہے۔

شکر گزاری نعمت کو بڑھاتی ہے۔ شکر صرف زبان سے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی نعمتوں میں اس کی مخلوق کو شامل کرکے ہی ادا ہوتا ہے۔ خوفِ خدا سے ہی خدا ترسی آتی ہے، اور خدا ترسی انسان کو عزت و تکریم سے بھی نوازتی ہے اور بخشش و مغفرت کا سبب بھی بنتی ہے۔

کمزور اور مظلوم کی بددعا سے بچو، یہ بغیر کسی واسطے کے عرش تک جاتی ہے۔ کبھی کبھار حق پر ہوتے ہوئے بھی حق کو چھوڑنا انسان کو بہت ممتاز بنا دیتا ہے۔ وہ بات نہ کہو جو کرتے نہیں ہو، اور جو کرتے ہو اسے بتانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ زمانہ دیکھ رہا ہوتا ہے۔ ایسی نیکی جس کا صرف اللہ تعالیٰ گواہ ہو، سب سے معتبر ہوتی ہے۔

دنیا کی جتنی اچھی باتیں ہیں، وہ سوشل میڈیا پر شیئر ہو چکی ہیں۔ صبح سے رات تک بہترین پوسٹس اور میسجز، جن میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کا درس، قربانی اور نیکی کی سنی سنائی کہانیاں اور دلوں کو مو لینے والے ناقابلِ یقین واقعات، غرض یہ سلسلہ ہر دم رواں دواں رہتا ہے۔

میرے خیال میں اب وقت آ گیا ہے کہ ان خوبصورت اور دلکش باتوں اور کہانیوں پر عمل بھی کیا جائے۔ اور اگر یہ بات شیئر کی جائے کہ آج کتنے غریبوں اور ناداروں کو کھانا کھلایا گیا، کسی غریب اور مستحق مریض کی تیمارداری کی اور اسے دوائیاں خرید کر دیں، کسی غریب کے بچے کی کالج کی فیس ادا کی یا اسے کتابیں خرید کر دیں، کسی دل شکستہ، دکھی یا یتیم کی دستگیری کی، تو اس طرح ہی ہم اپنے آقا کریم ﷺ کے اسوۂ حسنہ پر چلتے ہوئے معاشرے کو بہتر بنانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرتے جائیں۔

حالات کا ہر وقت رونا رونے سے بہت بہتر ہے کہ انہیں درست کرنے میں اپنا کوئی کردار یا حصہ ڈال جائیں۔

بقولِ فراز:

شکوۂ ظلمتِ شب سے تو کہیں بہتر تھا
اپنے حصے کی کوئی شمع جلاتے جاتے۔



  تازہ ترین   
میر پور ڈویژن کے انتخابات: ن لیگ 7 نشستوں پر کامیاب، پیپلزپارٹی کی 4 سیٹیں
حملے عارضی طور پر روکے، مذاکرات ناکام ہوئے تو فوجی کارروائی ہوگی: ٹرمپ
امریکا کی غیر قانونی بحری ناکہ بندی مزید کشیدگی تصور ہوگی: ایرانی فوج
میرپور نے شیر پر مہر لگا کر اعلان کر دیا ترقی ن لیگ سے جڑی ہے: مریم اورنگزیب
صدر مملکت اور وزیراعظم کا 2030 تک ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
انتخابی عمل کا پہلا مرحلہ آزادانہ اور شفافیت سے مکمل ہوا:چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر
حوثی گروہ کے ساتھ تنازع کا پرامن حل چاہتے ہیں: یمنی وزیر خارجہ
آزاد کشمیر الیکشن کا پہلا مرحلہ، پولنگ کے وقت میں توسیع، بھمبر میں ایک پولنگ سٹیشن پر ہنگامہ آرائی





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر