لاہور،مظفرآباد (نیشنل ٹائمز)موسلا دھار بارشوں کی شدت کے ساتھ ہی گلی محلوں اور سڑکوں سے پانی کی بروقت نکاسی کیلئے پنجاب حکومت کے آپریشن میں بھی شدت آگئی ،وزیراعلیٰ مریم نواز کی نگرانی میں پنجاب کے 41 شہروں میں ایک ہزار سے زائد مشینیں نکاسی آب کے مشن میں مصروف رہیں جبکہ مریم نواز سرکاری اداروں کے آپریشن کی نگرانی کررہی ہیں -گوجرانوالہ، فیصل آباداور سرگودھا ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے بعد فوری نکاسی آب کا کام مکمل کرلیا گیا ۔شہریوں نے شدید بارش کے بعد چند گھنٹوں میں پانی کے نکاس کے اقدام کو سراہا ہے۔
علاوہ ازیں لاہور سمیت تمام ڈویژنز کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے دوران کمشنر، ڈپٹی کمشنر، اے سی اور واسا ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجودرہیں اور انہوں نے مختلف علاقوں میں پانی کھڑا نہیں ہونے دیا ۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مری جھیکا گلی کے قریب لینڈسلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ر ہیں ۔ڈپٹی کمشنر مری ظہیر عباس شیرازی کی نگرانی میں ریسکیو1122 اور سکاؤٹس اہلکار امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے، وزیراعلیٰ نے متاثرہ علاقے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر مری میں سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کردی،وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ ہر مشکل وقت میں حکومت کا ساتھ ہونا ہی گڈ گورننس ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے جدید ترین 10 الیکٹرک بسوں کا تحفہ آزاد کشمیر پہنچ گیا۔اسلام آباد سے روانہ ہونے والا جدید الیکٹرک بسوں کا قافلہ مظفرآباد پہنچا تو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنماؤں، کارکنوں اور مقامی شہریوں نے نعرے بازی کر کے پرتپاک استقبال کیا اور بسوں کی فراہمی پر وزیر اعلٰی پنجاب کا خیرمقدم کیا۔الیکٹرک بسوں پر آویزاں بینرز پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تصویر کے ساتھ ‘ آزاد کشمیر کیلئے تحفہ’کے الفاظ درج کئے گئے تھے ۔ یاد رہے نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز نے مظفرآباد میں پہلے انتخابی جلسے کے دوران آزاد کشمیر کیلئے جدید الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا جسے اُنہوں نے 72 گھنٹے کے اندر عملی جامہ پہناتے ہوئے پورا کر دیا۔



