لاہور (نیشنل ٹائمز) مسلسل بارشوں کے بعد لاہور میں انفراسٹرکچر کی کمزوریاں کھل کر سامنے آگئیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں زمین دھنسنے اور سیوریج لائنیں ٹوٹنے کے باعث 7 مقامات پر شگاف پڑ گئے جبکہ متعدد سڑکیں متاثر ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔پہلا واقعہ کاہنہ فیروز پور روڈ پر پیش آیا جہاں مرکزی سیوریج لائن ٹوٹنے سے سڑک کا بڑا حصہ دھنس گیا اور گڑھے میں دو موٹرسائیکلیں جا گریں۔ علاوہ ازیں مین بلیوارڈ جوہر ٹاؤن اور خیابانِ فردوسی پر بھی تین مقامات پر شگاف پڑے ۔علامہ اقبال ٹاؤن کے علاقہ بھیکے وال موڑ پر بھی زمین دھنسنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ رائیونڈ روڈ پر سیوریج لائن ٹوٹنے کے باعث سڑک بیٹھ گئی اور ایک اور شگاف سامنے آ گیا۔اسلام پورہ میں زمین دھنسنے کے واقعے نے مقامی آبادی میں تشویش پیدا کر دی جبکہ شاد باغ کے عامر روڈ پر مرکزی نالے کی دیوار گرنے سے حفاظتی خدشات مزید بڑھ گئے ۔حالیہ بارشوں کے بعد شہر کے مختلف حصوں میں سامنے آنے والے یہ واقعات اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ زیرِ زمین سیوریج انفراسٹرکچر شدید دباؤ کا سامنا کر رہا ہے ، متعلقہ اداروں نے متاثرہ مقامات پر مرمت اور بحالی کا عمل شروع کر دیا ہے ۔
مسلسل بارشیں ، لاہور میں انفراسٹرکچر کی کمزوریاں سامنے آگئیں



