تہران(نیشنل ٹائمز) امریکی افواج نے جنوبی ایران کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر فضائی حملے کیے ہیں، جن میں خوزستان، ہرمزگان اور بوشہر صوبے کے متعدد شہر نشانہ بنے۔
رپورٹس کے مطابق امریکا کی جانب جنوب مغربی صوبہ خوزستان میں کم از کم 3 شہروں پر حملے کیے گئے، جن میں رامشیر بھی شامل ہے، جہاں ایک اسفالٹ پلانٹ کو نشانہ بنائے جانے کی اطلاعات ہیں۔
اس کے علاوہ اہواز سے ملحقہ علاقوں اور اہم بندرگاہی شہر ماہشہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، صوبہ ہرمزگان کے شہر سیریک میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، یہ شہر آبنائے ہرمز پر اپنی اہم جغرافیائی حیثیت کے باعث خاص اہمیت رکھتا ہے۔
بوشہر کے گورنر نے رات گئے ہونے والے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بوشہر جوہری بجلی گھر کے قریب واقع ایک بجلی کے سب سٹیشن کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث شہر میں کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔
ایران کے مغربی سرحدی شہر شلمچہ میں عراق کی سرحد کے قریب امریکی میزائل حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، اس حوالے سے ایک مقامی عہدیدار نے بتایا کہ امریکی میزائلوں نے شلمچہ میں مسافر ٹرمینل کے اطراف کے علاقے کو نشانہ بنایا۔
خیال رہے کہ اس قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے اعلان کیا تھا کہ کمانڈر اِن چیف کی ہدایت پر امریکی افواج نے ایران کے فوجی اہداف پر مزید حملے شروع کر دیے ہیں۔
سینٹ کام کے مطابق یہ کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ علاقائی سمندری راستوں سے گزرنے والے شہری اور تجارتی جہازوں کو خطرے میں ڈالنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کیا جا سکے۔
یہ بھی واضح رہے کہ امریکا کی ایران پر بمباری مسلسل بارہویں روز میں داخل ہو چکی ہے، حالیہ امریکی حملوں میں ایران کے اندر 3 بچوں سمیت 53 شہری شہید ہو چکے ہیں، جبکہ ایران کی جوابی کارروائیوں میں 4 امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔



