تہران(نیشنل ٹائمز) ایران کے خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ امریکا نے ایرانی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا تو خطے میں موجود اہم امریکی تنصیبات تباہ کر دیں گے۔
ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ خطے کا انفراسٹرکچر بھی ایرانی مسلح افواج کے نشانے پر ہو گا، خطے کے انفراسٹکچر کو ایسے تباہ کیا جائے گا جیسے وہ کبھی موجود ہی نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی امریکی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا، ایران کسی بھی صورت امریکا کو آبنائے ہرمز میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا، آبنائے ہرمز ایران کی ناقابل عبور سرخ لکیر ہے۔
ادھر ایران کے فوجی ترجمان محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ اگر امریکی فوجی کارروائیاں جاری رہیں تو جنگ نئے محاذوں تک پھیل سکتی ہے، ایران نے ابھی اپنی تمام عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کیا ہے۔
محمد اکرمینیا نے کہا کہ کسی بھی مزید جارحیت کی صورت میں ایران کا جواب دشمن کی توقعات سے کہیں بڑھ کر ہوگا، ایران قومی مفادات کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گا۔
انہوں نے کہا کہ تہران کا اپنے ہمسایہ ممالک یا خطے کی اسلامی ریاستوں سے تصادم کا کوئی ارادہ نہیں، ایران ہمیشہ علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون اور برادرانہ تعلقات کے فروغ پر زور دیتا آیا ہے۔
ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی اولین ذمہ داری ملک کی سلامتی، قومی مفادات اور وقار کا تحفظ ہے، خطے سے باہر کے ممالک ایران کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات استوار کریں۔



