لاہور(نیشنل ٹائمز)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے او آئی سی پلیٹ فارم سے مشترکہ جدوجہد کی پیشکش کی اورکہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا ایک طبقے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے ۔ 9ویں اوآئی سی منسٹیرئل کانفرنس برائے خواتین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اوآئی سی منسٹیرئل کانفرنس برائے خواتین کے شرکا کا خیر مقدم کیااورکہا کہ کانفرنس میں شریک تمام ممالک کے شرکا کو خوش آمدید کہتی ہوں۔ پاکستان پرامن ملک اورپرجوش میزبانی کرنے والے لوگوں کی دھرتی ہے ۔خواتین سے متعلق کانفرنس میں شرکت میرے لیے اعزاز ہے ۔اسلام میں خواتین کے حقوق سے متعلق واضح احکامات ہیں۔ بطور خاتون اول اوآئی سی کانفرنس سے خطاب میرے لیے اعزاز ہے ۔ فاطمہ جناحؒ اپنے بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کے لئے ایک مضبوط سہارا بنیں۔میری والدہ کلثوم نوازنے بھی والد نوازشریف کا بھرپور ساتھ نبھایا۔ تعلیم،صحت اورروزگار خواتین کیلئے بنیادی حقوق ہے ۔شہید بے نظیر بھٹو مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ خواتین کو ڈویلپمنٹ کے سفر میں شریک نہیں بلکہ رہبر ہونا چاہیے ۔ پنجاب میں اب خواتین کے لئے مواقع محدود نہیں بلکہ واضح ہیں۔ سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم میں خواتین کے لئے 30 یا 40 فیصد کوٹہ نہیں بلکہ ان کا حصہ 60 فیصد سے زائدہے ۔حکومت پنجاب کے ہر پراجیکٹ کے پیچھے کسی نہ کسی عورت کی کامیابی نظر آتی ہے ۔ اپناگھر،ا پنی چھت میں پہلا گھر بنانے والی خاتون تقریبات میں ڈیکوریٹر کا کام کرتی ہے ۔ اپنا گھر،اپنی چھتکے تحت گھر بنانے کے بعد اب وہ بچیاں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ملکیت کا تصور اب صرف مردوں تک محدود نہیں بلکہ اپنا کھیت،اپنا روزگار میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ہونہار سکالر شپ محض معاشی معاونت نہیں بلکہ بہادر بیٹیوں کی کہانی ہے ۔ ایک بچی محض اس وجہ سے تعلیم سے محروم ہوسکتی تھی کیونکہ اس کا والد ایک بچے کی فیس افورڈ کرسکتا تھا۔ ہونہارسکالر شپ نے بچی کو بھائی کے ساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے قابل بنایا۔خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہی خواتین کو لائیوسٹاک دیکر معاشی طور پر خودمختار بنایا جارہا ہے ۔صنعت زار کے ذریعے ہنرمند خواتین کی پراڈکٹ متعارف کرائی جارہی ہے ۔ سپیشل خواتین کیلئے بھی معاشی خود مختاری کے مواقع مہیا کیے جارہے ہیں۔دھی رانی پروگرام کے ذریعے معاشی مشکلات کاسامنا کرنے والی بیٹیوں کی معاونت کی جارہی ہے ۔خواتین وکلا کو بھی سہولتوں کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔خواتین کیلئے کلینک آف وہیل اورفیلڈ ہسپتال کے ذریعے بھر پورسہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔ہر ماں اورہر بچے کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنا ہمارا عزم ہے ۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ صحت محض ہیلتھ نہیں بلکہ ایک بہت بڑی ضرورت ہے ۔خواتین کو آئی ٹی سکلز کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں۔گرین ٹیکسی پروگرام کے ذریعے نہ صرف خواتین روزگار کماتی ہے بلکہ محفوظ سفر کے مواقع بھی میسر ہیں۔اب کوئی خاتون گرین ٹیکسی پروگرام کے ذریعے روزگار بھی کماسکتی ہیں اورتعلیم بھی جا ری رکھ سکتی ہیں۔خواتین کو بااختیار بنانے کا مقصد زندگی پر بھر پور اختیار دینا ہے ۔
سیف سٹی اتھارٹی کے ذریعے 30لاکھ سے زائد خواتین مستفید ہوچکی ہیں۔پنجا ب بھر میں 900سے زائد موبائل چارجنگ سٹیشن اورسیفٹی بٹن فنکشنل ہوچکے ہیں۔محض پینک بٹن دبانے سے خاتون کا تحفظ یقینی بنانا ممکن ہے ۔اسلام میں خواتین کو عزت،وقار اورتحفظ دیا ہے ۔ہرمسلم ملک میں ہر بیٹی، ہربہن اورہر ماں کیلئے تحفظ،احترام اورمواقع ہمارا عزم ہونا چا ہیے ۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے شرکا کو لاہورکا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ایسے لمحات آئے جب حالات نے میری استقامت کا اس طرح امتحان لیا جس کا میں تصورنہیں کرسکتی تھی۔آزمائش کے دور میں والد کے ساتھ کھڑے ہوکر سیکھا کہ نظریہ قربانی کا تقاضا کرتا ہے اوراستقامت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے ۔مشکل حالات نے مجھے برداشت کا درس دیا اورسچ کیلئے کھڑا ہونا سکھایا۔ہم نے ہر پروگرام میں خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ،برابری اورشراکت دار ی یقینی بنائی۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ہائی کورٹ کی سربراہی خاتون چیف جسٹس کی انفرادی کامیابی نہیں بلکہ کروڑوں بیٹیوں کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ۔انٹرن شپ اورآئی ٹی سکلز پروگرام نوجوان بچیوں کا اپنا مستقبل خود بنانے کا حوصلہ دیتی ہے ۔
بزنس فناسنگ اورای کامرس کے ذریعے درزی کی دکان بہت بڑا کاروبار اورکچن بہت بڑا انٹرپرائز بن جاتا ہے ۔پنجاب بھر میں 60 ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکر اورسپر وائز ر گھر گھر جاکر خواتین کی دیکھ بھال کررہی ہیں۔پنک الیکٹرک ٹیکسی خواتین کیلئے محفوظ سفر اورباعزت روزگارہے ۔خواتین کا تحفظ اورسکیورٹی میری ریڈ لائن ہے ۔ورچوئل پولیس سٹیشن کے ذریعے 10لاکھ سے زائد خواتین مستفید ہوچکی ہے ۔بااختیار خواتین صرف تعلیم یافتہ یا معاشی طورپر آزاد ہی نہیں بلکہ محفوظ بھی ہوتی ہے ۔ مریم نواز شریف سے پرتگال کے سفیر پالو ڈومینگوز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، تجارت، زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پرتگال کے سفیر نے ایران اورامریکا کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔
وزیراعلیٰ نے سفیر کی لاہورتشریف آوری پرشکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرتگال اور پنجاب کے درمیان فارماسیوٹیکل سیکٹر، توانائی، آبی وسائل، ہیلتھ اور ڈیجیٹل جدت میں امکانات موجود ہیں۔ پرتگال کے سفیر نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے سفارتی کردار کے معترف ہوں۔پاکستانی تاجروں کوپرتگال میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول فراہم کریں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے حقِ خودارادیت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری بہن بھائیوں کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی گراں قدر قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی وہ دن دور نہیں جب اہل مقبوضہ جموں وکشمیر آزادی کی صبح دیکھیں گے ۔وزیراعلیٰ نے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور سوگوار خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔



