اسلام آباد/سکھر (نیشنل ٹائمز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وینزویلا میں آنے والے شدید زلزلوں کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں صدرِ مملکت نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اس مشکل گھڑی میں وینزویلا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس المناک سانحے پر پوری پاکستانی قوم وینزویلا کے عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے زلزلے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی، جبکہ متاثرین کے لیے صبر، حوصلے اور استقامت کی بھی دعا کی۔
صدرِ مملکت نے امید ظاہر کی کہ وینزویلا کے عوام اپنے عزم اور حوصلے کے بل بوتے پر اس قدرتی آفت کے اثرات پر قابو پا لیں گے۔ انہوں نے امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت مند افراد تک بروقت امداد کی فراہمی انتہائی اہم ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وینزویلا کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور اس مشکل وقت میں ان کے لیے نیک خواہشات رکھتا ہے۔



