اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)آئندہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ میں کینسرہسپتال، لیبارٹری و شعبہ صحت کیلئے 16ارب، تعلیم کیلئے 36ارب، ایچ ای سی کیلئے 46ارب بجٹ تجویز کیا گیا ہے ۔ قومی صحت خدمات ڈویژن کے جاری منصوبوں کیلئے 16 ارب 6 کروڑ 45 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا جبکہ کوئی نیا منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔ اسلام آباد میں کینسر ہسپتال کے قیام کیلئے 89 کروڑ 76 لاکھ روپے ، جناح ہسپتال اسلام آباد میں پولی کلینک کے قیام کیلئے ایک ارب 20 کروڑ روپے ، وزیراعظم قومی پروگرام انسداد ہیپاٹائٹس سی انفیکشن کے لیے 1 ارب 50 کروڑ روپے ، اسلام آباد میڈیکل کمپلیکس اینڈ ریسرچ سینٹر کے لیے 50 کروڑ روپے ، کنگ سلمان بن عبدالعزیز السعود ہسپتال ترلائی اسلام آباد کے لیے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔قومی ایکشن پلان برائے آبادی (2021-26) کے نفاذ کے لیے 25 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 2026-27 میں تعلیم کیلئے 36 ارب 31 کروڑ روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا ۔
جاری منصوبوں کیلئے 25 ارب 41 کروڑ روپے ، پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت نئے منصوبوں کیلئے 10 ارب 90 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ آئی سی ٹی کُری میں دانش سکول کیلئے ایک ارب 33 کروڑ ، آزاد کشمیر باغ، بھمبر، نیلم اور حویلی کہوٹہ میں دانش سکولز، بلوچستان سبی، موسیٰ خیل، ژوب، قلعہ سیف اللہ اور ڈیرہ بگٹی میں دانش سکولز کیلئے بجٹ رکھا گیا، سندھ ٹنڈو محمد خان میں دانش سکول کے قیام کیلئے ایک ارب روپے ، چترال خیبرپختونخوا میں دانش سکول کیلئے 85 کروڑ روپے سے زائد رقم رکھی گئی، ملک بھر میں دانش سکولز کے قیام کے منصوبے کیلئے 6 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ایکسیلنس اِن ٹیچرز ایجوکیشن کیلئے 24 کروڑ روپے ، اسلام آباد میں آٹزم کے شکار بچوں کیلئے سینٹر آف ایکسیلنس کیلئے ایک ارب 24 کروڑ روپے سے زائد فنڈز، او او ایس سی اسلام آباد میں انرولمنٹ اور ریٹینشن پروگرام کیلئے 21 کروڑ روپے سے زائد رقم ، پرائم منسٹر یوتھ سکل ڈیولپمنٹ پروگرام کیلئے 5 ارب 29 کروڑ روپے ، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے سکل پروگرام کیلئے 2 ارب 61 کروڑ روپے ، پرائم منسٹر پاکستان فنڈ فار ایجوکیشن کیلئے 3 ارب روپے مختص کیے گئے ۔
مالی سال 27-2026 کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت ملک بھر کی جامعات اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کیلئے 46 ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز مختص کئے گئے ، افغان طلبہ کیلئے علامہ اقبال 3000 سکالرشپ سکیم کیلئے 200 ملین روپے ، اسلام آباد شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اکیڈمک بلاک کی تعمیر کیلئے 450 ملین روپے ، کراچی شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لا کے ہاسٹل اور دیگر تعلیمی ڈھانچے کیلئے 339.710 ملین روپے ، قلعہ سیف اللہ میں بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے سب کیمپس کیلئے 400 ملین روپے ، حیدرآباد سندھ میں فیڈرل انسٹیٹیوٹ کے قیام کیلئے 300 ملین روپے کی رقم رکھی گئی ۔ نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کے نئے کیمپس کیلئے 300 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔سکالرشپ پروگرامز میں بیرون ملک ایم ایس؍ ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرشپس (فیز III) کیلئے 1,800 ملین (1.8 ارب) روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ، پاک-امریکا نالج کوریڈور کے تحت پی ایچ ڈی سکالرشپ پروگرام کیلئے 1,500 ملین (1.5 ارب) روپے رکھے گئے ہیں۔



