اسلام آباد(نیشنل ٹائمز)وزیراعظم شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانے کی دعوت دے دی ہے جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ان کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے ،وزیر اعظم نے ایک اہم بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں اکثریتی جماعت بن کر سامنے آئی ہے ، مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں حکومت سازی کے معاملے پر پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت کرتی ہے ،انہوں نے واضح کیاکہ مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان اسمبلی میں اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ن لیگ کے منتخب اراکین پیپلز پارٹی کو حکومت بنانے کے لیے ووٹ دیں گے ،شہباز شریف نے کہا کہ یہ فیصلہ جمہوری روایات اور اقدار کو مقدم رکھتے ہوئے کیا گیا ہے ، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنی حلیف جماعتوں کے ساتھ عزت و احترام کے رشتے کو برقرار رکھا ہے اور آئندہ بھی اتحادی سیاست کے تقاضوں کو اسی جذبے کے ساتھ نبھایا جائے گا،ادھر بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی گلگت بلتستان میں اکثریت کو تسلیم کرنا جمہوری روایت کا تسلسل ہے ، ہم وزیراعظم کی جانب سے حکومت بنانے کی دعوت کے مثبت اقدام کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مزید کہا کہ اتفاق رائے کے نتیجے میں گلگت بلتستان کا گورنر اور ڈپٹی سپیکر کا منصب مسلم لیگ(ن) کا ہوگا، بلاول نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت میں اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائے گی،انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کا خصوصی طور پر شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ہم پر اعتماد کرکے گلگت بلتستان کی عوام نے ہمیں ایک ذمہ داری دی ہے ، ہم ان کے حقِ ملکیت، حقِ روزگار اور آئینی حقوق کے تحفظ کو ممکن بنائیں گے ۔
وزیر اعظم کی پی پی کو گلگت بلتستان میں حکومت بنانیکی دعوت



