اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے نجی ایئرلائن ساؤتھ ایئر کے گروپ ایڈوائزر سہیل علی خان نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی، اس موقع پر گورنر نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سیاحت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں اور شندور میلہ کے موقع پر ملک بھر کے سیاح اور شائقین پروازوں کی بحالی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی رابطوں کی بہتری سے صوبے میں سیاحت کو نئی جہت ملے گی ،گورنر نے بتایا کہ اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے پروازیں شروع کرنے کی تیاریاں جاری ہیں ، شندور میلہ سے قبل پروازوں کا آغاز سیاحوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا ۔ سہیل علی خان نے بتایا کہ پشاور سے کوئٹہ اور لاہور کے لیے پروازیں اجازت ملتے ہی شروع کر دی جائیں گی ۔دریں اثنا گورنر سے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چودھری ریاض نے ملاقات کی جس میں کشمیر کی موجودہ صورتحال اور آمدہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاوہ ازیں فیصل کریم کنڈی نے گز شتہ روز قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی سے راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں خیبرپختونخوا اور کرم کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سیاحت، کھیلوں کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ، گورنر پختونخوا



