ریاض (نیشنل ٹائمز)پاکستان اور سعودی عر ب کے درمیان سرمایہ کاری اور اقتصادی تعا ون بڑھانے کیلئے متعدد اہم معاہدے طے پا گئے ہیں، یہ پیش رفت پاکستان سعودیہ جوائنٹ بزنس کونسل کے دو روزہ اجلاس کے دوران سامنے آئی۔حکام کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان پورٹس اور موٹر ویز کی تعمیر و ترقی کے حوالے سے معاہدہ طے پایا، جبکہ حیدرآباد-کراچی موٹر وے کی تعمیر کیلئے بھی دونوں ممالک کے درمیان اتفاق ہوا، اس کے علاوہ رئیل اسٹیٹ اور معدنیات کے شعبوں کی ترقی کیلئے بھی معاہدے کیے گئے ۔معاہدوں پر دستخط سابق نگران وفاقی وزیر گوہر اعجاز کی موجودگی میں کئے گئے ، سعودی وفد کے سربراہ شہزادہ منصور بن السعود نے معاہدوں پر دستخط کئے ۔حکام کے مطابق ایس آئی ایف سی اور پاکستان سعودیہ جوائنٹ بزنس کونسل کی میزبانی میں ہونے والے اجلاس کی مشترکہ صدارت گوہر اعجاز اور فواد مختار نے کی، اجلاس میں وفاقی وزیر مصدق ملک، علی پرویز ملک اور مشیر نجکاری محمد علی و دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔حکام کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں، پاور سیکٹر، ٹرانسمیشن لائنز، سمارٹ میٹرنگ، پیٹرولیم اور معدنیات کے شعبوں میں موجود مواقع کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پاکستان،سعودیہ کے درمیان سرمایہ کاری کے متعدد معاہدے



