واشنگٹن(نیشنل ٹائمز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران واقعی معاہدہ کرنا چاہتا ہے، یہ معاہدہ امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ایران کے ساتھ ڈیل ایک بہتر اور مضبوط معاہدہ ثابت ہو سکتی ہے، سیاسی مخالفین کی مسلسل تنقید مذاکراتی عمل کو متاثر کر رہی ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ بھی لکھا کہ ڈیموکریٹس اور کچھ ریپبلکن رہنما غیر ضروری طور پر دباؤ ڈال رہے ہیں، مجھے کبھی سست اور کبھی تیز اقدام کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، اس طرح کی سیاست کام کو مشکل بنا رہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ معاملہ آخرکار بہتر طریقے سے حل ہو جائے گا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سی این این نے معمول کے مطابق فیک نیوز پھیلائی اور غلط طور پر یہ رپورٹ کیا کہ ایران سے متعلق معاہدے میں جوہری امور کا ذکر نہیں۔
ٹرمپ کے مطابق حقیقت یہ ہے کہ معاہدے میں واضح طور پر درج ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا، جوہری معاملات اس معاہدے کا مرکزی حصہ ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق معاہدہ نہایت مضبوط اور طویل تفصیل کے ساتھ جوہری امور کے مختلف پہلوؤں پر بات کرتا ہے، درحقیقت معاہدے کا زیادہ تر حصہ اسی موضوع پر مشتمل ہے۔
ٹرمپ نے اسی پوسٹ میں سی این این پر تنقید بھی کی اور سوال اٹھایا کہ آیا نئی ملکیت کے تحت یہ نیٹ ورک اپنی ساکھ بحال کر پائے گا یا نہیں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ جاری ہے، واضح نتیجہ سامنےآنے تک مذاکرات سے متعلق کوئی فیصلہ یا رائے نہیں دی جا سکتی۔
عباس عراقچی نے کہا کہ ہمیں قیاس آرائیوں کو اہمیت نہیں دینی چاہئے۔



