بیجنگ(نیشنل ٹائمز) چین نے ایران کے خلاف امریکا و اسرائیلی جنگ کو غیر قانونی قرار دے دیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق دورہ چین کے دوران ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے چینی ہم منصب وانگ یی سے بیجنگ میں ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، علاقائی و عالمی پیش رفت اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چین کشیدگی کم کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے، مکمل جنگ بندی ناگزیر ہے، خطہ نازک موڑ سے گزر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین کے درمیان براہ راست ملاقات ضروری ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران صرف ایک منصفانہ اور جامع معاہدہ ہی قبول کرے گا، چین کے مضبوط مؤقف کی قدر کرتے ہیں، چین ایران کا قریبی دوست ہے، موجودہ حالات میں ہمارا تعاون مزید مضوبط ہوگا۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ جنگ کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، مذاکرات میں جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے بھرپور کوشش کریں گے۔
واضح رہے ایرانی وزیر خارجہ چینی حکام کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں، عباس عراقچی امریکی صدر ٹرمپ کے دورہ چین سے ایک ہفتہ قبل چین پہنچے ہیں۔



