اسلام آباد(نیشنل ٹائمز) پختونخوا حکومت نے گلیات سے مری کیلئے پانی کی ترسیل پر پنجاب حکومت سے 64ارب 62کروڑ روپے بقایاجات مانگ لیے۔ گلیات کے پانی سے متعلق وفاق اور پنجاب کوارسال خطوط میں1947 سے ابتک کے پانی کی مد میں پنجاب حکومت سے 64 ارب62 کروڑروپے بقایاجات مانگے گئے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ مری واٹر بورڈ غیرمجاز طور پر گلیات سے پانی ترسیل کر رہاہے اور کسی معاہدے و معاوضے کے بغیر روزانہ5 لاکھ گیلن پانی نکال رہا ہے ،گلیات میں مری واٹر بورڈ کی جانب سے و اٹرسپلائی انفرا اسٹرکچر پر کام، گلیات ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی اجازت کے بغیر ڈونگا گلی میں 20 لاکھ گیلن پانی کے واٹرٹینک کی تعمیر روکی جائے ،وزارت بین الصوبائی رابطہ دونوں حکومتوں میں معاہدہ طے کرنے میں تعاون فراہم کرے اور متعلقہ تمام چشموں، آبشاروں اور پانی کے ذخائر پر پختونخوا کا حق تسلیم کرکے خیبرپختونخوا کے حوالے کیا جائے ۔خط میں حکومت نے جی ڈی اے کو پنجاب کے ساتھ پانی کی تقسیم کا معاہدہ کرنے کا اختیاردیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے حتمی معاہدے تک اڑھائی لاکھ گیلن پانی گلیات کو دیا جائے ۔ ادھر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ قیام پاکستان سے اب تک کے 65 ارب روپے کے واجبات فوری ادا کئے جائیں۔



