ریگا (شِنہوا) لٹویا کے دارالحکومت ریگا میں سالانہ بالٹک موٹر شو “آٹو 2026” اس ہفتے کے آخر میں منعقد ہوا، جہاں چینی کار برانڈز نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور الیکٹرک گاڑیوں (ای وی) کے شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔
یہ نمائش 24 سے 26 اپریل تک دارالحکومت کے کپسالا بین الاقوامی نمائشی سنٹر میں منعقد ہوئی، جہاں کچھ گاڑیوں کے ماڈلز کو پہلی بار لٹویا اور بالٹک مارکیٹ میں پیش کیا گیا۔
چینی کار ساز کمپنیوں نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس اپنے تازہ ترین ماڈلز پیش کئے۔
چینی کمپنی ایکس پینگ کی جدید ترین پی 7 پلس سیڈان نمائش میں پیش کی گئی، جو بالٹک خطے میں پہلی بار متعارف کرائی گئی۔ اس ماڈل میں مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار ڈرائیونگ کی صلاحیتیں موجود ہیں۔
چینی کار ساز کمپنی چیری کے برانڈز جائیکو اور اومودا نے بھی اس سال ریگا میں پہلی بار اپنی مصنوعات پیش کیں۔
لٹویا کے وزیر برائے موسمیات و توانائی کاسپارز میلنس نے کہا کہ یہ موٹر شو ایک منفرد تجارتی میلہ ہے کیونکہ یہ عوام کو مختلف گاڑیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
لٹویا کی آٹو ایسوسی ایشن کے صدر آندریس کلبرگز نے کہا کہ چینی کار ساز اداروں نے خوبصورت ڈیزائن والی گاڑیاں بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی تکنیکی صلاحیتوں کو بھی بہتر بنایا ہے۔
لٹویا میں چینی سفارتخانے کے اقتصادی و تجارتی مشیر لوو آنچی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں چینی کار برانڈز مسلسل لٹویا کی مارکیٹ میں داخل ہو رہے ہیں۔ اس سے نہ صرف چین کی آٹو موبائل صنعت کی صلاحیتوں کا اظہار ہوتا ہے بلکہ لٹویا کے صارفین کو اعلیٰ معیار اور ماحول دوست گاڑیوں کے زیادہ متنوع انتخاب بھی میسر آتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوطرفہ تعاون میں مسلسل گہرائی آنے کے ساتھ چینی کار ساز کمپنیوں کے لئے لٹویا میں وسیع امکانات موجود ہیں اور یہ چین-لٹویا اقتصادی و تجارتی تعلقات اور باہمی فائدہ مند تعاون میں نئی توانائی پیدا کریں گے۔
چینی کار برانڈز نے ریگا آٹو شو کے دوران دھوم مچا دی



