ڈیرہ غازی خان (نیشنل ٹائمز) سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی کھوسہ انتقال کر گئے۔
وہ لاہور کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کی عمر 90 برس تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انکی تدفین ڈیرہ غازی خان میں ہو گی تاہم نماز جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔سردار ذوالفقار علی کھوسہ کا تعلق ڈیرہ غازی خان کے ایک بااثر سیاسی خاندان سے تھا اور وہ ملک کی سیاست میں کئی دہائیوں تک سرگرم رہے۔
وہ 20 اکتوبر 1935 کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے اور اپنی جوانی میں ہی انہوں نے سیاست میں قدم رکھ دیا تھا۔انہوں نے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز 1962 میں مغربی پاکستان اسمبلی کے رکن کے طور پر کیابعد ازاں وہ پنجاب اسمبلی کے رکن متعدد بار منتخب ہوئے۔ اپنے طویل سیاسی سفر کے دوران سردار ذوالفقار علی کھوسہ نے مختلف اہم وزارتیں سنبھالیں جن میں تعلیم، آبپاشی، خزانہ، لوکل گورنمنٹ اور منصوبہ بندی و ترقی شامل ہیں۔ وہ 1999 میں مختصر مدت کے لیے پنجاب کے گورنر بھی رہے۔
ان کے صاحبزادے دوست محمد کھوسہ بھی سیاست میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور پنجاب کے وزیراعلیٰ رہ چکے ہیں۔سردار ذوالفقار علی کھوسہ کے انتقال پر سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے اور ان کی طویل عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔



