ایران، لبنان پر حملے جاری، جواب میں حیفہ ریفائنری، ایف 35 نشانہ

تہران، واشنگٹن، ریاض(نیشنل ٹائمز) مشرق وسطیٰ میں جنگ کا 21 واں روز ہے اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے سائے میں عید منائی جا رہی ہے جبکہ ایران پر رات بھر امریکی اسرائیلی حملے جاری رہے، ایران نے جوابی کارروائی میں اسرائیل کی بڑی ریفائنری کو نشانہ بنایا جس سے بجلی بند ہو گئی جبکہ امریکا کا غرور ایف 35 بھی نشانہ بنا، امریکی اسرائیلی جارحیت سے مزید کئی شہری شہید اور زخمی ہو گئے۔ایران میں آج تیسواں روزہ رکھا گیا ہے اور کل عید الفطر پر منائی جائے گی جبکہ اس خوشیوں بھرے تہوار پر بھی امریکی اسرائیلی حملے جاری ہیں، جن میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی سمجھا جاتا ہے۔ایران میں 28 فروری کو جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 3,186 افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں کم از کم 210 بچوں سمیت 1,394 عام شہری شامل ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 1,153 فوجی جبکہ 639 اموات کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔لبنان میں بھی شہادتیں ایک ہزار کے قریب ہو چکی ہیں جبکہ ہزاروں افراد زخمی اور لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ادھر جارح اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کو قبلہ اول مسجد اقصیٰ میں نماز عید ادا کرنے کی اجازت نہ دی، مسلمانوں نے مسجد اقصیٰ کے باہر نماز عید ادا کر لی۔
امارات، سعودی عرب، کویت اور بحرین پر میزائل اور ڈرون حملے
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ وہ فی الحال ایران کی طرف سے آنے والے خطرات کا جواب دے رہے ہیں، انہوں نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ انھیں فضائی دفاعی نظام کی مدد سے حملوں کو روکے جانے کی آوازیں سنائی دے سکتی ہیں۔کویت نے بھی شہریوں کو فضائی دفاعی نظام کی مدد سے حملوں کو روکنے کے باعث ہونے والے دھماکوں کے متعلق خبردار کیا ہے، شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ حکام کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔سعودی عرب کی وزارت دفاع نے ملک کے مشرقی علاقے میں مزید پانچ ڈرونز کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، بحرین کی وزارت داخلہ نے سائرن بجائے جانے کے بعد شہریوں کو قریب ترین محفوظ مقام پر جانے کو کہا تھا۔
یورپی یونین کا سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان
یورپی یونین نے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔یورپی یونین کا کہنا ہے کہ ایران جنگ سے فوری طور پر یورپ کی جانب نقل مکانی میں اضافہ نہیں ہوا، یورپی یونین نے ممکنہ نقل مکانی کے خدشات پر تیاری مکمل رکھنے پر زور دیا ہے۔یورپی یونین کے مطابق یورپ اپنی سیکیورٹی کے لیے سفارتی، قانونی اور مالی وسائل استعمال کرے گا۔
امریکی بی ون بمبار طیارہ ایران پر حملے کے بعد برطانیہ پہنچ گیا
فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق امریکی بمبارطیارے کویورپی ممالک نےفضائی حدود فراہم نہیں کیں، فرانس، پرتگال اور اسپین نے امریکی طیارےکو فضائی حدود فراہم نہیں کیں، امریکی طیارے کوبحیرہ روم اوربحر اوقیانوس کے اوپر سےگزرنا پڑا۔یاد رہےکہ یورپ نے امریکی جنگی جہازوں کے لیے فضائی حدودبند کی ہوئی ہے۔
امریکا کی مزید جنگی جہاز اور فوج بھیجنے کی تیاری
نیوز میکس کی رپورٹ کے مطابق امریکا مزید جنگی جہاز اور فوج بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے، 4000 امریکی میرینز اور سیلرز تعیناتی کے لیے تیار ہیں، امریکی بحری بیڑا زمینی حملوں کی صلاحیت کے ساتھ خطے کی طرف بڑھنے لگا ہے۔
ایران جنگ میں اب تک امریکا کے 16 جنگی طیارے تباہ ہو چکے، بلومبرگ
بلوم برگ کے مطابق ایران کے خلاف جنگ میں تباہ ہونے والے طیاروں میں 10 ریپر سٹرائیک ڈرون طیارے بھی شامل ہیں جبکہ 6 امریکی جنگی جہازوں کو شدید نقصان پہنچا جو تباہ ہونے والے 16 امریکی جہازوں کے علاوہ ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ان میں سے 3 امریکی جنگی طیارے کویت کی فضاؤں میں تباہ ہوئے جن کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ فرینڈلی فائر کا نشانہ بنے ہیں، ایک کے سی 135 ٹینکر طیارہ ری فیولنگ آپریشن کے دوران تباہ ہو گیا اور اس کے عملے کے تمام 6 ارکان بھی ہلاک ہو گئے۔ان کے علاوہ مزید 5، کے سی 135 ری فیولنگ طیارے سعودی عرب کے ایک ہوائی اڈّے پر ایرانی میزائل کا نشانہ بنے جن سے انہیں کافی نقصان پہنچا، ایران نے امریکا کے بغیر عملے کے ریپر ڈرون طیاروں میں سے اب تک 9 ڈرون طیارے تباہ کیے ہیں، ان میں سے ایک کو اردن میں بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
لبنان میں اسرائیل کے میزائل حملے، بمباری، 4 افراد شہید، صحافی بال بال بچ گیا
اسرائیل کی سیدون میں گھر پر بمباری سے دو افراد شہید ہوگئے، تائر میں بھی دو افراد شہید اور آٹھ زخمی ہوئے، حزب اللہ نے اسرائیل کے فوجی اڈے پر راکٹ حملے کئے، جنوبی لبنان میں بھی اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔حزب اللہ نے لبنان میں اسرائیلی فوج پر حملہ کرکے بلڈوزر تباہ کردیا۔
اسرائیل کی آئل ریفائنری پر بڑا میزائل حملہ، حیفا کو بجلی کی فراہمی معطل
ایران کی سب سے بڑی توانائی تنصیبات پارس گیس فیلڈ پر صیہونی حملے کے بعد جوابی کارروائی میں اسرائیل کی حیفہ آئل ریفائنری پر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ شمالی شہر حیفا میں واقع آئل ریفائنری کو ایرانی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کی وجہ سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ہے۔
بنیادی ڈھانچے پر دوبارہ حملہ ہوا تو تحمل کا مظاہرہ نہیں کریں گے: عراقچی
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے بنیادی ڈھانچے پر دوبارہ حملہ کیا گیا تو تحمل کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔ایک بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے اپنی غیر فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کے جواب میں طاقت کا چھوٹا سا مظاہرہ کیا، تحمل کا مظاہرہ کشیدگی میں کمی کی درخواستوں پر کیا گیا ہے۔عباس عراقچی نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ اگر ایران کے جنگ کا خاتمہ کسی بھی انداز سے ہو، شہری علاقوں میں ہوئے نقصانات کا ازالہ لازمی شرط ہوگی۔
ایف 35 طیارہ
ایرانی پاسداران انقلاب کا کہنا ہےکہ انہوں نے طیارے کو رات 2 بجکر 50 منٹ پر نشانہ بنایا تھا، قوی امکان ہےکہ طیارہ تباہ ہوگیا، امریکی غرور کو نشانہ بنانےکا واقعہ ایئر ڈیفنس میں بہتری ظاہر کرتا ہے، ہم 150 ڈرونز پہلے ہی گراچکے ہیں۔پاسداران انقلاب نے امریکی طیارے کو نشانہ بنائے جانے کی مبینہ ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں ایرانی پاسدران انقلاب کی ایئرڈیفنس فورس کی جانب سے ایف 35 لڑاکا طیارے کو نشانہ بنتے دکھایا گیا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے ترجمان کیپٹن ٹم ہاکنز نے بتایا کہ یہ پانچویں نسل کا اسٹیلتھ طیارہ ایران کے اوپر ایک جنگی مشن پر پرواز کر رہا تھا جب اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی، ان کے مطابق طیارہ بحفاظت اترگیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔
صیہونی حکومیت دہشت گردی پر مبنی ہے: ایرانی صدر
ایران صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ صیہونی حکومت کی نوعیت ریاستی دہشت گردی پر مبنی ہے۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ایکس پر بیان میں کہا کہ امریکا کی ایران پر جارحیت اور سپریم لیڈر کی شہادت نے نیا معیار قائم کردیا، یہ نیا معیار بین الاقوامی تنازعات اور عالمی قانونی اصولوں کو تباہ کرسکتا ہے، عالمی برادری کی خاموشی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔
ایران جنگ لوگوں کی سوچ سے بھی زیادہ تیزی سے ختم ہو سکتی ہے، نیتن یاہو
عالمی میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعتراف کیا کہ ساؤتھ پارس پر حملہ اسرائیل نے کیا تھا تاہم ٹرمپ نے مزید حملوں سے روک دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کو اسرائیل نے حملوں پر مجبور کیا نہ کر سکتا تھا، ایران کی میزائل سازی اور یورینیم افزودگی صلاحیت ختم کر دی، ایران جنگ لوگوں کی سوچ سے بھی تیزی سے ختم ہو سکتی ہے۔



  تازہ ترین   
سعودیہ، امارات، ترکیہ سمیت کئی ممالک میں آج عید الفطر، فلسطینی مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کرنے سے محروم
جنگ بندی کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، افغان دعویٰ مضحکہ خیز ہے: وزارت اطلاعات
ایران جنگ میں اب تک امریکا کے 16 جنگی طیارے تباہ ہو چکے، بلومبرگ
ایران سے جنگ شطرنج کا بڑا کھیل، ایرانی بہت ہوشیار اور ذہین ہیں: ٹرمپ
ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان کے میزائل پروگرام کو ممکنہ خطرہ قرار دینے کا دعویٰ مسترد کر دیا
ایران، لبنان پر حملے جاری، جواب میں حیفہ ریفائنری، ایف 35 نشانہ
ایرانی حملہ، قطر کی ایل این جی پیداواری صلاحیت 5 سال کیلئے 17 فیصد تک ختم
بنیادی ڈھانچے پر دوبارہ حملہ ہوا تو تحمل کا مظاہرہ نہیں کریں گے، ایرانی وزیر خارجہ





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر