کوہاٹ(نیشنل ٹائمز) سی ٹی ڈی اور کوہاٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ڈی پی او کوہاٹ شہباز الہٰی کے مطابق سی ٹی ڈی اور کوہاٹ پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ تھانہ لاچی کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد موجود ہیں اور کسی بڑی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھاری نفری نے مشترکہ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا۔آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔حکام کے مطابق قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن جاری ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاچی، کوہاٹ میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 6 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتا ہوں، خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے دلیر جوانوں پر فخر ہے، خیبرپختونخوا میں قیام امن کیلئے پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائیاں قابل تعریف ہیں۔
کوہاٹ: سی ٹی ڈی اور پولیس کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک



