جدہ(نیشنل ٹائمز) وزیراعظم محمد شہبازشریف کی جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف کی مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
ملاقات کے آغاز میں وزیراعظم محمد شہبازشریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کے لئے مملکت سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری ستائش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے ان آزمائشی حالات میں مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لئے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔
وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ



