قاہرہ(شِنہوا)سویز کینال اقتصادی زون (ایس سی زون) نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے چینی کمپنی ننگ بو داشون فور کے ساتھ مغربی قنطارا صنعتی علاقے میں مائیکرو فائبر پیداواری منصوبہ قائم کرنے کے لئے معاہدہ کیا ہے۔
یہ منصوبہ ایک لاکھ مربع میٹر پر محیط ہے جس میں 4 کروڑ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے اور اس سے متوقع طور پر براہ راست 500 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی کمپنی مائیکرو فائبر ٹیکسٹائل کی پیداوار میں مہارت رکھتی ہے جو مختلف مصنوعات کے لئے استعمال ہوتے ہیں۔
قاہرہ کے مشرق میں واقع نئے انتظامی دارالحکومت میں ایس سی زون کے صدر دفتر میں ایس سی زون کے چیئرمین ولید جمال الدین اور ننگ بو داشون فور کے صدر ماؤ یوئے جون نے اعلیٰ انتظامی افسران کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط کئے۔
اس معاہدے سے ایک روز قبل ایک اور چینی کمپنی آنہوئی شن من گلاس نے سویز صوبے کے ایس سی زون کے سوخنا صنعتی علاقے میں 7 کروڑ ڈالر کی گلاس ویئر فیکٹری کا سنگ بنیاد رکھا۔
حالیہ برسوں میں ایس سی زون چینی سرمایہ کاری کے لئے ایک بڑا مرکز بن گیا ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ ساڑھے تین سال کے دوران مختلف شعبوں میں تقریباً 11.6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری میں سے تقریباً 50 فیصد چینی کمپنیوں نے کی ہے۔
چین کی مائیکرو فائبر کمپنی مصر میں 4 کروڑ ڈالر کا منصوبہ بنائے گی



