لاہور(نیشنل ٹائمز) عوام کیلئے مہنگائی کا ایک اور تحفہ، سردیوں میں بھی بجلی مزید مہنگی کر دی گئی، نیپرا کی جانب سے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمت میں 33 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کا اعلان کردیا۔ نیپرا نے کہا ہے کہ یہ اضافہ رواں سال کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کے تحت کیا گیا ہے، اس اضافے سے صارفین پر 6 ارب روپے سے زیادہ کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا، اور صارفین کو دسمبر سے فروری تک اضافی ادائیگیاں کرنی ہوں گی۔
بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق نہ صرف عام صارفین بلکہ سرکاری اداروں اور کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔ نیپرا نے یہ فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے تاکہ اس پر حتمی کارروائی کی جا سکے دوسری جانب پاور ڈویژن نے نیپرا کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے حتمی اقدامات شروع کردیے ہیں۔
دوسری جانب نیپرا نے ایک ماہ کے لیے بجلی 88 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز کے صارفین پر ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکلز چارجنگ اسٹیشنز اس ریلیف سے مستفید نہیں ہوں گے۔ صارفین کو یہ رعایت دسمبر کے بجلی بلوں میں فراہم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس فیصلے سے ماہِ دسمبر میں عام صارفین کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔



