کے ٹو ٹریک کا کم عمر ہیرو — طہ کی غیر معمولی جدوجہد

تحریر: سعدیہ نارو
ہمارے ستائیس افراد پر مشتمل گروپ میں سترہ برس کا طہ سب سے کم عمر ٹریکر تھا۔ راک کلائمبنگ، ہائیکنگ اور پِکل بال کا شوقین یہ خوش شکل اور با ادب نوجوان اپنے والد بابر چوہدری کے ہمراہ ٹیکساس (امریکہ) سے کے ٹو بیس کیمپ ٹریک اور جی جی لا کے لیے آیا تھا۔ طہ پاکستانی، کینیڈین اور امریکن شہریت رکھتا ہے اور جلد ہی بزنس اسٹڈیز کے لیے کالج جانے والا ہے۔
میں نے طہ کو پہلی بار تب دیکھا جب سمٹ ہوٹل میں پہلے دن گروپ میٹنگ کے دوران سب نے اپنا تعارف کروایا۔ پاکستان پہنچتے ہی اس کی طبیعت ناساز ہوگئی اور معدے کے مسائل شروع ہو گئے۔ ٹریک کے پہلے روز بھی اس نے ہمت جمع کرکے اسکولی سے جھولا تک کا سفر طے کیا مگر وہاں پہنچ کر فلو اور بخار نے بھی آ گھیرا۔ جھولا سے پایو تک کے راستے میں وہ گروپ کے آخر میں آہستہ آہستہ چلتا رہا۔
پایو پہنچ کر وہ ہمت ہار چکا تھا اور واپسی کا سوچنے لگا۔ اس نے اپنی جسمانی اور ذہنی کیفیت اپنے والد سے صاف صاف بیان کی اور گارمن کے ذریعے اپنی والدہ سے بھی دل کی باتیں کیں۔ اگلے دن ریسٹ ڈے کی صبح ناشتے کی میز پر اس کا چہرہ بجھا بجھا سا تھا۔ میں نے حال پوچھا تو ہلکی سی مسکراہٹ کے ساتھ بولا کہ دوائی لے رہا ہوں۔ میں نے چند احتیاطی تدابیر بتائیں اور دل سے اس کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
اسی روز جب ہمارے چار ساتھی واپسی کا فیصلہ کرچکے تھے، طہ نے اپنے والد سے کہا کہ وہ نماز پڑھ کر اللہ سے رہنمائی مانگے گا اور اس کے بعد اپنا فیصلہ بتائے گا۔ نماز کے بعد جب وہ ٹینٹ سے باہر آیا، تو اس کی آنکھوں میں ایک نئی چمک تھی۔ پُرسکون مگر مضبوط لہجے میں بولا “میں نے فیصلہ کر لیا ہے ۔۔۔ میں آگے جاؤں گا۔”
یہی وہ لمحہ تھا جب بیماری سے نڈھال یہ نوجوان ایک مضبوط اور پُراعتماد ٹریکر بن گیا۔ اس کا رویہ بدل گیا، حوصلہ بڑھ گیا اور جسمانی حالت بھی حیرت انگیز طور پر سنبھل گئی۔ اس دن کے بعد اس نے مکمل عزم کے ساتھ اپنا سفر جاری رکھا اور ٹریک کے بیشتر حصے میں وہ گروپ کے کئی افراد سے آگے ہی نظر آیا۔
طہ عموماً انگریزی میں بات کرتا تھا مگر جب اپنے ٹوٹے پھوٹے مگر میٹھے لہجے میں اردو بولتا تو مجھے بہت پیارا لگتا۔ ایک دن میں نے پوچھا “طہ، اردو کس سے سیکھی؟” وہ مسکرا کر بولا “میرے دادا دادی مجھ سے اردو میں بات کرتے تھے۔” جب ہم علی کیمپ سے جی جی لا کی جانب روانہ ہوئے تو طہ اور اس کے والد ہمارے ساتھ تھے۔ راستے میں ایک جگہ بابر پیچھے رہ گئے تو طہ فوراً بولا “رکو، میرا ابو پیچھے رہ گیا ہے۔” اپنے والد کے لیے اس کی فکر اور گھبراہٹ دیکھ کر میں مسکرائی اور اسے تسلی دی۔
طہ ہمارے گروپ کے ان چار ٹریکرز میں شامل تھا جنہوں نے سب سے پہلے جی جی لا کو سر کیا۔ ہم جب اوپر پہنچے تو وہ اترائی کی سمت اپنا سفر شروع کر چکے تھے۔ اس کم عمری میں جو حوصلہ، صبر اور عزم طہ نے دکھایا وہ بڑے بڑوں کے لیے بھی مثال ہے۔ طہ نے صرف ایک ٹریک مکمل نہیں کیا، بلکہ اس نے اپنے اندر کے خوف، کمزوری اور بے یقینی کو بھی فتح کر لیا۔
ٹریکنگ جسم کی نہیں، ذہن کی جنگ ہوتی ہے۔ اگر ذہن ہار مان لے تو جسم بھی ساتھ چھوڑ دیتا ہے۔ اگر پایو پر طہ ہمت ہار جاتا تو صرف وقت اور پیسے کا ہی نقصان نہ ہوتا، بلکہ زندگی کی ایک بہت بڑی کامیابی اس کے ہاتھ سے نکل جاتی۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سترہ سالہ نوجوان اب زندگی کے بڑے فیصلوں سے نہیں گھبرائے گا۔ اس نے اپنے اندر چیلنج قبول کرنے کی ہمت اور ہر مشکل کا سامنا کرنے کا حوصلہ پیدا کر لیا ہے۔
طہ کی یہ کہانی ہر نوجوان کو یہی پیغام دیتی ہے کہ بلند حوصلے اور خلوص نیت کے ساتھ ارادے بھی پختہ ہوں تو دنیا کی کوئی چوٹی سر کرنا ناممکن نہیں ہے۔



  تازہ ترین   
وزیراعظم کا نیپرا کے سولر سے متعلق نئے ریگولیشنز کے اجراء کا نوٹس
پاک فوج کے بارے میں محمود خان اچکزئی کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے: خواجہ آصف
بلوچستان میں امن و امان اور استحکام پورے پاکستان کی ترجیح ہے: مریم نواز
سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) سردار اختر مینگل کا استعفیٰ منظور
عافیہ صدیقی کیس: آئینی عدالت نے ہائیکورٹ کو وفاقی حکومت کیخلاف کارروائی سے روک دیا
وزیراعظم شہباز شریف کے اہم غیر ملکی دوروں کا شیڈول تیار
کے پی اور وفاق میں اتفاق: مالا کنڈ میں فوج کی ذمہ داریاں صوبائی حکومت کو تفویض
وزارت خزانہ کی ورکنگ نامکمل، پانڈا بانڈز کے اجراء میں چوتھی بار تبدیلی





  ملتی میڈیا   
بلاول بھٹو زرداری کا خصوصی انٹرویو: “جنگ کا کوئی فائدہ نہیں، مذاکرات کا راستہ اختیار کریں”
پاکستان نیوی کے چیف نے نویں کثیر القومی بحری مشق “امن” میں شریک غیر ملکی جہازوں کا دورہ کیا۔ | آئی ایس پی آر
وزیرِ اعظم شہباز شریف کا خطاب | “بریتھ پاکستان” عالمی ماحولیاتی کانفرنس 07-02-2025
آرمی چیف نے مظفرآباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ | آئی ایس پی آر
کشمیر ایک زخم | یومِ یکجہتی کشمیر | 5 فروری 2025 | آئی ایس پی آر