منامہ(نیشنل ٹائمز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بحرین میں شاہی محل آمد۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی منامہ میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ سے ملاقات ہوئی۔دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کو وزیر اعظم عمران خان اور صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے شاہی خاندان اور بحرینی عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا ۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، بحرین کے ساتھ دو طرفہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہےاور کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔شاہ بحرین، شاہ حمد بن عیسٰی الخلیفہ نے بحرین کی تعمیر و ترقی میںپاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے بحرین میں مقیم پاکستانیوں کا خصوصی خیال رکھنے پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے دوسرے اجلاس کی میزبانی پر شاہ _بحرین کو مبارکباد دی۔ پاک بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن ،دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے، دو طرفہ تجارتی، اقتصادی و کثیر الجہتی تعاون بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان دو طرفہ برادرانہ تعلقات، یکساں مذہبی ،ثقافتی اور تاریخی اقدار پر استوار ہیں۔ دسمبر 2019 میں شاہ بحرین کی دعوت پروزیر اعظم عمران خان کے دورہ ء بحرین سے ان تعلقات میں مزید وسعت پیدا ہوئی ۔وزیر خارجہ نے سلطنت بحرین کی جانب سے اسلام آباد میں “کنگ حمد نرسنگ یونیورسٹی اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل ہسپتال” کا تحفہ دینے پر شاہ بحرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے پاکستان اور بحرین کے مابین مضبوط اور مستحکم دو طرفہ تعلقات کا مظہر قرار دیا۔وزیر خارجہ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے، شاہ بحرین، عزت مآب جناب شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی بحرین میں شاہی محل آمد



