اسلام آباد (نیشنل ٹائمز) پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین سینیٹ، چیئرمین پیپلز پارٹی اور گورنر خیبرپختونخوا نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے آزادی کی اہمیت، قومی وحدت، حالیہ عسکری کامیابی اور ترقی کے سفر پر زور دیا۔ قومی رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو داخلی استحکام، معاشی خوشحالی، جمہوری مضبوطی اور خودمختاری کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے پوری قوم کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
صدرِ مملکت کا پیغام
صدرِ پاکستان نے یوم آزادی پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن جرات، اتحاد اور قربانیوں کی علامت ہے، جس نے ہمیں ایک آزاد وطن عطا کیا۔ انہوں نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریکِ پاکستان کے کارکنان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر نے حالیہ معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان کی کامیابی کو تاریخ کا سنہری باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح ہمارے قومی عزم، عسکری مہارت اور اتحاد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی بلاجواز جارحیت کا جواب ہم نے تحمل، حکمت اور قوت سے دیا، اور دنیا کو باور کرایا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، مگر اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہی جذبہ ہمیں معیشت، تعلیم، ماحولیات، اور سماجی انصاف کے میدان میں بھی کامیاب بنا سکتا ہے۔ صدرِ مملکت نے کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یوم آزادی پر قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 78 سال پہلے قائداعظم محمد علی جناحؒ، علامہ اقبال اور تحریکِ آزادی کے عظیم قائدین نے بکھری ہوئی قوم کو ایک فکر اور ایک نصبالعین پر متحد کیا اور تاریخ کا دھارا موڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ گزرے 78 برس آزمائش، صبر، اللہ پر یقین اور امید کی کہانی ہے، جس میں پاکستانی قوم نے تمام مشکلات کے باوجود ترقی کے سنگ میل عبور کیے۔ وزیراعظم نے “معرکہ حق” میں پاکستان کی عظیم فتح کو حالیہ یومِ آزادی کی اہمیت میں اضافہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فتح ایک نئی امنگ، جذبہ اور فخر کا باعث بنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا، اور ان کی بہادری نے چند گھنٹوں میں دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ وزیراعظم نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عسکری کامیابی درحقیقت نظریہ پاکستان کی صداقت کی جیت بھی ہے۔
شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان خطے میں پرامن بقائے باہمی اور سفارتی ذرائع سے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے، اور بھارت کو بھی اسی جذبے سے جموں و کشمیر سمیت تمام تنازعات کے حل کی طرف آنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو جدید معاشی و صنعتی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور ملک کی ترقی اور خودمختاری کے لیے قومی اتحاد سب سے بڑی طاقت ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا پیغام
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزادی کی نعمت بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں ملی ہے، اور اس کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام علامہ اقبال کے خواب اور قائداعظم کی قیادت کی بدولت ممکن ہوا۔ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹیرینز سے اپیل کی کہ وہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر ملک کے استحکام اور خوشحالی کے لیے کام کریں۔
انہوں نے افواجِ پاکستان، سیکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا اور کشمیری و فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایوان بالا وفاق کی علامت ہے، اور ایک مضبوط پارلیمانی نظام ہی قومی وحدت کی ضمانت ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا پیغام
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یومِ آزادی کے موقع پر قوم کو دلی مبارکباد دی اور عہد کیا کہ غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور ہر قسم کے امتیاز کے خلاف جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ 1947ء کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمارے آبا و اجداد نے ایک ایسا پاکستان بنانے کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر شہری کو مساوات، انصاف اور عزت حاصل ہو۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسی وژن کی محافظ ہے، اور قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانیاں آج بھی ہمیں رہنمائی فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نفرت اور عدم برداشت کو مسترد کریں اور ایک پُرامن، ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزادی کوئی تحفہ نہیں بلکہ ایک مسلسل ذمہ داری ہے، جس کی تجدید روزانہ ضروری ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا پیغام
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضم شدہ اضلاع سمیت پورے پاکستان کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم یہ دن “معرکہ حق” میں عظیم کامیابی کے ساتھ منا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا بلکہ ملکی خودمختاری اور سرحدوں کا دفاع بھی کیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، قربانی اور دیانت کے ساتھ پاکستان کو خوشحال بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
گورنر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کے ناپاک عزائم سے محفوظ رکھے اور ہمیں قومی اتحاد کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔



