اسلام آباد (نیشنل ٹائمز)نوجوانوں کی جمہوری طرز حکمرانی میں شمولیت کو مضبوط بنانے کے لئے ایک اہم پیشرفت کے طور پر وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے درمیان ایک لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی ) پر دستخط کئے گئے۔ یہ معاہدہ وزیراعظم آفس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی زیرِ صدارت اجلاس میں دونوں اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں طے پایا، معاہدہ نوجوانوں میں باشعور اور فعال شہریت کو فروغ دینے کے لئے ایک مشترکہ فریم ورک قائم کرتا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد نوجوانوں کی جمہوری عمل میں شمولیت کو بڑھانا اور نوجوانوں کی قیادت کی صلاحیت کو پروان چڑھانا ہے۔بدھ کو وزیراعظم یوتھ پروگرام سے جاری بیان کے مطابق اس تعاون کے تحت وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پلڈاٹ کئی مشترکہ اقدامات کریں گے جن میں یوتھ پارلیمنٹ پاکستان اور ڈیموکریسی ٹاکس جیسے شہری شمولیت کے پروگراموں کا ڈیزائن اور نفاذ شامل ہے۔ اس کے علاوہ ملک بھر کے نوجوانوں کے لئے تربیتی ورکشاپس اور لیڈرشپ ڈویلپمنٹ پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس اشتراک کے تحت شہری تعلیم اور جمہوری اصولوں سے متعلق تحقیقی رپورٹس، پالیسی بریفز اور تعلیمی مواد بھی تیار کیا جائے گا۔مزید برآں دونوں ادارے جمہوری اقدار اور نوجوانوں کی شمولیت کے فروغ کے لئے سیمینارز، مہمات اور کانفرنسز کا انعقاد کریں گے، خاص طور پر ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا مہمات پر توجہ دی جائے گی تاکہ وسیع تر نوجوان طبقے تک رسائی حاصل ہو سکے۔اس تعاون کا ایک اہم پہلو پاکستان کی پہلی نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی کے لئے ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اس کا تجزیہ کرنے میں سہولت فراہم کرنا بھی ہے۔رانا مشہود احمد خاں نے اس موقع پر کہا کہ یہ شراکت داری وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چار ایز فریم ورک (تعلیم، شمولیت، روزگار اور ماحولیات) کے تحت نوجوان پاکستانیوں کو بااختیار بنانے کے مشن کا ایک اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے قومی پالیسیوں کو جمہوری اقدار اور عالمی معیار کے مطابق ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔ ایل او آئی پر دستخط پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی کے ایک نئے باب کا آغاز ہے جو ایک باشعور، ذمہ دار اور فعال نسل کے قیام کے لئے حکومت کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پلڈاٹ کے درمیان تاریخی معاہدہ پر دستخط



