بیجنگ(شِنہوا) چین میں جاپانی جارحیت کے خلاف پوری قوم کی مزاحمت کے آغاز کی 88 ویں سالگرہ منانے کے لئے ایک تقریب منعقد کی گئی۔
“قومی آزادی اور عالمی امن کے لئے” کے عنوان سے پیر کے روز ایک نمائش کا آغاز بھی ہوا تاکہ جاپانی جارحیت کے خلاف چینی عوام کی مزاحمت اور فسطائیت کے خلاف عالمی جنگ میں فتح کی 80 ویں سالگرہ کو منایا جاسکے۔
یہ تقریب اور نمائش دونوں بیجنگ میں لوگو پل جسے مارکو پولو پل بھی کہا جاتا ہے، کے قریب واقع چینی عوام کی جاپانی جارحیت کے خلاف مزاحمت کے میوزیم میں منعقد ہوئیں۔ یہ وہ مقام ہے جہاں 7 جولائی 1937 کو جاپانی فوج نے چینی افواج پر حملہ کیا تھا۔
کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سی پی سی مرکزی کمیٹی کی سیکرٹریٹ کے رکن کائی چھی نے اس موقع پر خطاب اور نمائش کا افتتاح کیا۔
کائی نے کہا کہ جب 88 سال قبل جاپانی فوج نے لوگو پل کا واقعہ برپا کیا اور چین پر مکمل حملے کا آغاز کیا تو چینی فوج اور عوام مزاحمت کے لئے اٹھ کھڑے ہوئےاور قومی سطح کی مشترکہ مزاحمت شروع کرتے ہوئے فسطائیت کے خلاف جاری عالمی جنگ میں مشرقی محاذ کو کھول دیا۔
کائی نے اس بات پر زور دیا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے مزاحمت کی جنگ میں اگلی صفوں میں بہادری سے قیادت کی، قومی جدوجہد کو سمت فراہم کی اور پوری قوم کے لئے ایک مضبوط ستون کے طور پر خدمات انجام دیں۔
کائی نے کہاکہ ایک مقصد کے تحت متحد ہو کر چینی عوام نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ ملک کی بقا، قومی احیا اور پوری انسانیت اورانصاف کے مقصد کے لئے جنگ لڑی۔ انہوں نے یہ جنگ جیتی اور فسطائیت کے خلاف عالمی جنگ میں ایک نمایاں کردار ادا کیا۔
کائی نے کہا کہ یہ نمائش چینی عوام کی 14 سالہ مزاحمتی جدوجہد کے شاندار سفر کی جامع تصویر پیش کرتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ہمیں مزاحمتی جنگ کے جذبے کو آگے بڑھانا چاہیے، اپنے اعتماد کو مضبوط کرنا چاہیے اور ثابت قدمی سے آگے بڑھنا چاہیے تاکہ چینی جدیدیت کے راستے پر چلتے ہوئے چین کو ایک طاقتور ملک بنایا جا سکے اور ہر شعبے میں قوم کی نشاۃ ثانیہ کو ممکن بنایا جا سکے۔
چین میں جاپانی جارحیت کے خلاف قومی مزاحمت کی 88 ویں سالگرہ



