راولپنڈی(نیشنل ٹائمز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کی بری فوج کے کمانڈر جنرل امت ڈنڈر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بالخصوص دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکی کی بری فوج کے کمانڈر جنرل امت ڈنڈر نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران ، باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور خصوصا دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک تاریخی ، ثقافتی اور مذہبی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان عسکری تعاون بالخصوص تربیت اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا، ترک فوج کے کمانڈر نے علاقائی امن و استحکام اور دہشت گردی کو شکست دینے کے لئے پاک فوج کے کردار کو سراہا، آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل ترکی کی بری فوج کے کمانڈر جنرل امت ڈنڈر جی ایچ کیو پہنچے تو چاک و چوبند فوجی دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آرمی چیف سے ترک کمانڈر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور، دفاعی تعاون میں اضافے پر تبادلہ خیال



